جمعہ، 20-فروری،2026
جمعہ 1447/09/03هـ (20-02-2026م)

ٹرمپ انتظامیہ کا ایران کیخلاف مکمل جنگ کے بجائے محدود فوجی کارروائی پر غور

20 فروری, 2026 14:20

امریکی اخبار وال اسٹریٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف کسی بڑے فیصلے کیلئے دس دن کی مہلت مقرر کی ہے، ممکن ہے کہ محدود فوجی کارروائی کی جائے۔

رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ مکمل جنگ کے بجائے محدود فوجی کارروائی کے امکان پر غور کر رہی ہے۔ اس حکمت عملی کا مقصد ایران پر دباؤ بڑھانا ہے تاکہ وہ اپنے جوہری پروگرام سے متعلق نئی شرائط تسلیم کرنے پر آمادہ ہو جائے۔ یہ اقدام وسیع جنگ چھیڑنے کیلئے نہیں بلکہ مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کیلئے زیر غور ہے۔

امریکہ نے مشرقِ وسطیٰ میں اپنی فوجی موجودگی میں اضافہ کر دیا ہے۔ بحری بیڑے، طیارہ بردار جہاز اور لڑاکا طیاروں کے دستے تعینات کیے جا چکے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ بعض اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ اگر ایران نے مطالبات تسلیم نہ کیے تو فوجی کارروائی جلد عمل میں آ سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی صدر کا ایران کو دس دن کا الٹی میٹم، معاہدہ یا کارروائی

صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ آخری لمحے تک انتظار کرنے کو ترجیح دیتے ہیں، مگر چاہتے ہیں کہ ایران ان کی شرائط مان لے۔ ان کا مؤقف ہے کہ معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں نتائج ایران کیلئے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب ایران نے بھی واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دینے کی تیاری رکھتا ہے۔ ایرانی قیادت کا کہنا ہے کہ وہ دباؤ کے تحت فیصلے نہیں کرے گی اور اپنی خودمختاری کا دفاع کرے گی۔

رپورٹ کے مطابق آئندہ دس دن اس معاملے میں نہایت اہم ثابت ہو سکتے ہیں، کیونکہ یہی مدت امریکہ کے ممکنہ فیصلے کا تعین کرے گی کہ خطے میں کشیدگی مذاکرات کی طرف جاتی ہے یا فوجی تصادم کی جانب بڑھتی ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔