میکسیکو میں بدنام زمانہ منشیات گروہ کا سرغنہ ہلاک، ملک بھر میں خونریز فسادات پھوٹ پڑے

میکسیکو کی سیکیورٹی فورسز نے ایک بڑی کارروائی کے دوران ملک کے طاقتور ترین منشیات فروش گروہ کے سربراہ نیمیسیو روبن اوسیگویرا سروانٹیس عرف ‘ایل مینچو’ کو ہلاک کر دیا ہے۔
اس ہلاکت کے بعد میکسیکو کے مختلف حصوں بالخصوص ریاست جالیسکو میں تشدد کی ایک شدید لہر دوڑ گئی ہے۔ میکسیکو کی وزارت دفاع کے مطابق ایل مینچو تاپالپا کے مقام پر فوج کے ساتھ جھڑپ میں زخمی ہوا تھا اور اسے ہیلی کاپٹر کے ذریعے میکسیکو سٹی منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
اس فوجی آپریشن کے ردعمل میں مسلح گروہوں نے آدھے درجن سے زائد ریاستوں میں سڑکیں بلاک کر دیں اور گاڑیوں کو آگ لگا دی۔
ریاست جالیسکو کا دارالحکومت گواڈلہارا، جہاں مستقبل میں عالمی فٹ بال کپ کے میچز منعقد ہونے ہیں، رات ایک ویران شہر کا منظر پیش کر رہا تھا کیونکہ خوف زدہ شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ ہوائی اڈے پر خوف کے مارے بھاگ رہے ہیں اور کئی شہروں میں دھوئیں کے بادل بلند ہو رہے ہیں۔
حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے گورنر پابلو لیموس نے ٹرانسپورٹ معطل کر دی ہے اور آج کئی ریاستوں میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ کے مشیروں کا ایران پر حملے کے بجائے معیشت پر توجہ دینے کا مشورہ
میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بوم نے سیکیورٹی فورسز کی اس کامیابی کو سراہتے ہوئے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔
ایل مینچو کو حالیہ برسوں میں ہلاک ہونے والا سب سے بڑا منشیات فروش سمجھا جا رہا ہے، جس نے جالیسکو نیو جنریشن کارٹیل کی بنیاد رکھی تھی۔
امریکی حکام نے بھی اس کارروائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے عالمی سطح پر ایک بڑی پیش رفت قرار دیا ہے۔ تاہم، اس صورتحال کے باعث بین الاقوامی فضائی کمپنیوں نے میکسیکو کے متاثرہ علاقوں کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں، جس کی وجہ سے سینکڑوں سیاح وہاں پھنس کر رہ گئے ہیں۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ اس گروہ کے سربراہ کی ہلاکت کے بعد اب جانشینی کی جنگ شروع ہو سکتی ہے جو مزید خونریزی کا سبب بنے گی۔
واضح رہے کہ امریکا نے اس کی گرفتاری کے لیے ایک کروڑ پچاس لاکھ ڈالر کا انعام مقرر کر رکھا تھا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









