ہفتہ، 28-فروری،2026
ہفتہ 1447/09/11هـ (28-02-2026م)

افغانستان میں 20 سے 23 ہزار دہشت گرد موجود ہیں : روسی وزارتِ خارجہ

24 فروری, 2026 13:01

روسی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں سیکیورٹی اور سیاسی صورتحال بدستور پیچیدہ ہے اور مختلف دہشت گرد نیٹ ورکس ملک کے مختلف حصوں میں سرگرم ہیں۔

رپورٹ کے مطابق افغانستان میں اس وقت 20 سے 23 ہزار کے درمیان دہشت گرد جنگجو موجود ہیں، جن میں نصف سے زائد غیر ملکی عناصر شامل ہیں، جو علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ تصور کیے جا رہے ہیں۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ افغانستان میں سرگرم دہشت گرد گروہوں کی موجودگی نہ صرف ملک کے داخلی استحکام بلکہ ہمسایہ ممالک کی سلامتی کے لیے بھی مستقل خطرہ بنی ہوئی ہے۔

روسی وزارتِ خارجہ کے مطابق شدت پسند تنظیم داعش کے تقریباً 3 ہزار جنگجو جبکہ تحریکِ طالبان پاکستان کے 5 سے 7 ہزار تک جنگجو افغان سرزمین پر موجود ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تحریکِ طالبان پاکستان اپنی کارروائیوں کا مرکز افغان سرزمین کو بنائے ہوئے ہے اور پاکستان میں حملوں پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، جس کے باعث پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور طالبان مخالف دھڑوں کے درمیان رابطوں کی اطلاعات

رپورٹ کے مطابق القاعدہ، مشرقی ترکستان اسلامی تحریک اور دیگر شدت پسند گروہ افغانستان میں تربیتی مراکز اور نیٹ ورکس چلا رہے ہیں۔

افغانستان القاعدہ کے لیے علاقائی روابط اور تربیت کا ایک اہم مرکز بنا ہوا ہے۔ روسی وزارتِ خارجہ نے اپنی رپورٹ میں ان افغان صوبوں کی نشاندہی بھی کی ہے، جہاں القاعدہ کے مبینہ تربیتی مراکز موجود ہیں، جن میں غزنی، لغمان، کنڑ، ننگرہار، نورستان، پروان اور ارزگان شامل ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ داعش خراسان نے افغانستان کے مشرقی اور شمالی علاقوں میں مضبوط نیٹ ورک قائم کر رکھے ہیں اور اس کا طویل المدتی ہدف وسطی ایشیائی ریاستوں تک پھیل کر نام نہاد خلافت کا قیام ہے۔

جنوری 2026 میں کابل کے ایک چینی ریسٹورنٹ پر ہونے والے دھماکے کی رپورٹ میں داعش کی موجودگی اور اس کی عملی صلاحیت کا ثبوت قرار دیا گیا ہے۔

روسی وزارتِ خارجہ نے افغانستان میں مصنوعی منشیات کی اسمگلنگ میں اضافے پر بھی تشویش ظاہر کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق میتھ ایمفیٹامائن افغانستان سے بیرون ملک سب سے زیادہ اسمگل کی جانے والی منشیات بن چکی ہے، جس سے نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر منشیات کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔

رپورٹ میں روسی وزارتِ خارجہ نے زور دیا ہے کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال خطے کے امن اور استحکام پر براہِ راست اثر انداز ہو رہی ہے اور اس کے تدارک کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر مربوط حکمت عملی کی ضرورت ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔