ہفتہ، 28-فروری،2026
جمعہ 1447/09/10هـ (27-02-2026م)
تازہ ترین خبریں

سعودی عرب سمیت معتدد ممالک کی اسرائیل کے توسیع پسندانہ اقدامات کی مذمت

24 فروری, 2026 09:23

سعودی عرب سمیت دنیا کے متعدد اہم ممالک، عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل نے ایک مشترکہ بیان میں مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کو وسعت دینے کے فیصلوں کی شدید مذمت کی ہے۔

اس مشترکہ بیان میں سعودی عرب کے ساتھ ساتھ برازیل، فرانس، ڈنمارک، فن لینڈ، انڈونشیا، آئرلینڈ، مصر، اردن، قطر اور ترکی شامل ہیں۔

ان تمام ممالک نے اسرائیلی حکومت کے ان اقدامات کو مسترد کر دیا ہے جن کے تحت فلسطینی اراضی کو دوبارہ درجہ بندی کر کے اسے ریاستی زمین قرار دیا جا رہا ہے اور غیر قانونی بستیوں کی تعمیر میں تیزی لائی جا رہی ہے۔

وزرائے خارجہ نے واضح کیا کہ یہ تمام اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی عدالت انصاف کی دو ہزار چوبیس کی مشاورتی رائے کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ مشرق وسطیٰ پر قبضے کے نظریے پر اپنی پوزیشن واضح کرے : سعودی عرب

بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل زمینی حقائق تبدیل کر کے خطے کے امن کو داؤ پر لگا رہا ہے اور دو ریاستی حل کی بنیادوں پر حملہ کر رہا ہے۔

تمام ممالک نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل فوری طور پر فلسطینی اتھارٹی کی روکی گئی ٹیکس رقم جاری کرے اور مقبوضہ علاقوں میں تشدد کا سلسلہ روکا جائے۔

بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مشرق وسطیٰ میں امن صرف اور صرف 4 جون 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام سے ہی ممکن ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔