ہفتہ، 28-فروری،2026
ہفتہ 1447/09/11هـ (28-02-2026م)
تازہ ترین خبریں

ایران ایسا میزائل تیار کر رہا ہے جو امریکہ کو نشانہ بنا سکتا ہے : صدر ٹرمپ

25 فروری, 2026 09:51

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے اپنا سالانہ اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کرتے ہوئے ایران کے حوالے سے انتہائی سخت موقف اختیار کیا۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ سال ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں نے تہران کے ایٹمی ہتھیاروں کے پروگرام کو مکمل طور پر ملیا میٹ کر دیا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ایران ایسے میزائل تیار کرنے پر کام کر رہا ہے جو نہ صرف یورپ اور بیرونِ ملک امریکی اڈوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں بلکہ بہت جلد امریکہ تک پہنچنے کی صلاحیت حاصل کر لیں گے۔

صدر نے واضح کیا کہ اگرچہ وہ ایران کے ساتھ تنازع کا سفارتی حل چاہتے ہیں، لیکن تہران نے اب تک یہ ضمانت نہیں دی کہ وہ کبھی ایٹمی ہتھیار تیار نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ جب تک ایران واضح طور پر ایٹمی ہتھیاروں سے دستبرداری کا اعلان نہیں کرتا، امریکہ خاموش نہیں بیٹھے گا۔

صدر ٹرمپ نے دہشت گردی کا ذکر کرتے ہوئے ایک حالیہ واقعے کا حوالہ دیا جس کا تعلق پاکستان کے پڑوسی ملک افغانستان سے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک افغان دہشت گرد نے وائٹ ہاؤس کے باہر ایک خاتون اہلکار کو گولی مار کر زخمی کیا، صدر کا کہنا تھا کہ ایسے دہشت گردوں کو امریکی سرزمین پر ہونے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔

انہوں نے کانگریس سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے سخت قوانین منظور کرے کہ پرتشدد واقعات میں ملوث مجرم دوبارہ جیل سے باہر نہ نکل سکیں۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے دنیا بھر میں آٹھ مختلف جنگیں رکوانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان جنگوں کی وجہ سے دنیا کو ایٹمی تصادم کے سنگین خطرات لاحق تھے، خاص طور پر پاکستان اور بھارت ایٹمی جنگ کے دہانے پر پہنچ چکے تھے۔ پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں نے کروڑوں لوگوں کی جانیں بچائیں۔

صدر ٹرمپ نے غزہ میں جنگ بندی کو اپنی کامیابی قرار دیا، حالانکہ زمینی حقائق کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب بھی سینکڑوں فلسطینی جان بحق ہو رہے ہیں اور انسانی امداد کی رسائی سخت متاثر ہے۔

داخلی محاذ پر گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ امریکہ کا سنہری دور شروع ہو چکا ہے اور ان کی قیادت میں ملک پہلے سے کہیں زیادہ امیر، بہتر اور مضبوط بن چکا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ نو ماہ کے دوران ایک بھی شخص غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل نہیں ہوا اور سرحدیں مکمل طور پر محفوظ کر لی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : جوہری پروگرام کی مکمل نگرانی کیلئے تیار ہیں : ایرانی وزیر خارجہ

ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی شرح کم ہو کر ایک اعشاریہ سات فیصد پر آ گئی ہے اور اسٹاک مارکیٹ نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔ صدر نے وینزویلا کو امریکہ کا نیا دوست اور پارٹنر قرار دیتے ہوئے بتایا کہ وہاں سے اسی ملین بیرل سے زائد تیل حاصل کیا گیا ہے جسے بین الاقوامی مارکیٹ میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں امریکی سپریم کورٹ کے اس فیصلے کو مایوس کن قرار دیا، جس میں ان کے لگائے گئے ٹیرف کو غیر قانونی قرار دیا گیا تھا۔

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ کانگریس سے رجوع کیے بغیر دیگر قانونی راستوں سے ان ٹیرف کو برقرار رکھیں گے کیونکہ اس سے ملک کی آمدنی میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے ٹیکنالوجی کمپنیوں کو ہدایت کی کہ وہ مصنوعی ذہانت کے مراکز کے لیے اپنے بجلی کے منصوبے خود لگائیں تاکہ عام شہریوں کے لیے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہو۔

خطاب کے دوران صدر نے صومالی نژاد امریکیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور مینیسوٹا میں ہونے والی مبینہ دھوکہ دہی اور جرائم کا ذمہ دار کھلی سرحدوں کی پالیسی کو قرار دیا۔

انہوں نے ڈیموکریٹس پر ہوم لینڈ سیکیورٹی کا بجٹ کاٹنے کا الزام لگاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تمام فنڈنگ فوری بحال کی جائے تاکہ امریکی شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔