ہفتہ، 28-فروری،2026
جمعہ 1447/09/10هـ (27-02-2026م)
تازہ ترین خبریں

ایران امریکا تک مار کرنے والے میزائل تیار نہیں کر رہا : ایرانی وزیر خارجہ

26 فروری, 2026 09:49

ایران کے وزیر خارجہ نے امریکی صدر کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ ایران ایسے میزائل تیار کر رہا ہے جو امریکا تک پہنچ سکتے ہیں۔

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے تہران میں انڈیا ٹوڈے کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ دعویٰ کہ ایران امریکا تک مار کرنے والے میزائل تیار کر رہا ہے، بے بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ خود صدر ٹرمپ جعلی خبروں کی شکایت کرتے رہے ہیں اور اب وہ خود ایسی خبروں کا شکار ہو گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران نے جان بوجھ کر اپنے میزائلوں کی حد دو ہزار کلومیٹر سے کم رکھی ہے اور وہ طویل فاصلے کے میزائل تیار نہیں کر رہا۔

عباس عراقچی نے کہا کہ ایران عالمی خطرہ بننا نہیں چاہتا، اس کے میزائل صرف دفاع کے لیے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سال جون میں اسرائیل اور امریکا کی جانب سے کی گئی 12 روزہ جارحیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے جنگ شروع نہیں کی بلکہ صرف اپنے دفاع کا حق استعمال کیا۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی وزیر کا حماس کیخلاف امریکی ناکامی کی صورت میں غزہ پر قبضے کا اعلان

انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات پر بھی بات کی اور کہا کہ مسقط اور جنیوا میں ہونے والے دو ادوار کے بعد منصفانہ، متوازن اور مساوی معاہدہ ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران جنگ اور امن دونوں کے لیے تیار ہے، تاہم وہ جنگ نہیں چاہتا بلکہ اسے روکنا چاہتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایران کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے اور اس پر کوئی فوجی حل ممکن نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران سوالات کے جواب دینے اور خدشات دور کرنے کے لیے تیار ہے لیکن پرامن جوہری ٹیکنالوجی کے حق سے دستبردار نہیں ہوگا۔

عباس عراقچی نے خبردار کیا کہ اسرائیل امریکا کو ایران کے خلاف جنگ میں گھسیٹنے کی کوشش کر رہا ہے اور اگر ایسا ہوا تو پورا خطہ لپیٹ میں آ جائے گا کیونکہ امریکی اڈے مختلف مقامات پر موجود ہیں۔ ایسی جنگ میں کسی کی فتح نہیں ہوگی بلکہ تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔