یوکرین کا روس پر افریقی شہریوں کو دھوکے سے جنگ میں استعمال کرنے کا الزام

یوکرین نے الزام عائد کیا ہے کہ روس نے دھوکے سے سترہ سو اسی سے زائد افریقی شہریوں کو اپنی فوج میں شامل کر کے جنگ میں استعمال کر رہا ہے، جبکہ ماسکو نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔
یوکرین کے وزیر خارجہ اندری سبیہا نے کییف میں گھانا کے وزیر خارجہ سیموئل اوکودزیٹو ابلاکوا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ روس افریقی شہریوں کو مہلک جنگ میں گھسیٹنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یوکرینی اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس وقت سترہ سو اسی سے زائد افریقی شہری روسی فوج میں شامل ہو کر یوکرین کے خلاف لڑ رہے ہیں اور وہ چھتیس ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : روس یوکرین جنگ کا کوئی فوجی حل نہیں : پاکستان
روس نے غیر قانونی بھرتی کے الزامات کی تردید کی ہے، تاہم حالیہ مہینوں میں جنوبی افریقہ، کینیا اور زمبابوے سمیت مختلف ممالک کے شہریوں کو ملازمت کے وعدوں پر روس لے جا کر محاذ جنگ پر بھیجے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
گھانا کے وزیر خارجہ سیموئل اوکودزیٹو ابلاکوا نے کہا کہ بہت سے افریقی شہری دھوکے کا شکار ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان افراد کا کوئی عسکری پس منظر نہیں، انہیں تربیت نہیں دی گئی اور تاریک ویب سائٹس کے ذریعے روزگار کے جھوٹے وعدوں پر راغب کیا گیا۔
انہوں نے یوکرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی سے اپیل کی کہ روس کے لیے لڑتے ہوئے گرفتار دو گھانوی جنگی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












