امریکہ، ایران کے جنیوا مذاکرات میں بیلسٹک میزائلوں پر بات سے انکار پر نالاں

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران نہ صرف جوہری صلاحیت کے حصول کے لیے کوشاں ہے، بلکہ وہ ایسے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل بھی تیار کر رہا ہے جو براہِ راست امریکہ کو نشانہ بنا سکیں۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران کے خلاف ایک سخت بیانیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کو اس کے جوہری پروگرام کی مکمل تباہی کے بعد واضح طور پر خبردار کیا گیا تھا کہ وہ اسے دوبارہ شروع کرنے کی کوشش نہ کرے لیکن وہ مسلسل اس حکم کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
روبیو نے بائیس جون 2025 کو ایران اور اسرائیل کے درمیان بارہ روزہ جنگ کے دوران امریکی افواج کی جانب سے ایرانی جوہری تنصیبات پر کیے گئے حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کارروائیوں میں ایران کا جوہری ڈھانچہ ملیا میٹ کر دیا گیا تھا مگر اب تہران دوبارہ اس کے مختلف حصوں کو جوڑنے اور اسے فعال کرنے کی تگ و دو میں مصروف ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران امریکا تک مار کرنے والے میزائل تیار نہیں کر رہا : ایرانی وزیر خارجہ
انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ اس وقت ایران یورینیم کی افزودگی نہیں کر رہا لیکن اس کی تمام تر کوششوں کا محور اس مقام تک پہنچنا ہے جہاں سے وہ حتمی طور پر جوہری صلاحیت حاصل کر سکے۔
سینیٹر روبیو نے ایران کے روایتی ہتھیاروں کے ذخیرے کو امریکہ کے لیے براہِ راست خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے پاس ایسے جدید ہتھیار موجود ہیں جن کا مقصد صرف اور صرف امریکہ اور امریکی شہریوں پر حملہ کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران اس وقت بھی ایسے ہتھیاروں کا مالک ہے جن کی رسائی یورپ کے بڑے حصے تک ہے، لیکن اب اس کی تمام تر توجہ ایسے میزائلوں کی تیاری پر مرکوز ہے جو امریکی سرزمین تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
انہوں نے تہران کی اس ضد کو ایک بہت بڑا مسئلہ قرار دیا، جس کے تحت ایرانی حکام جنیوا میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کے دوران بیلسٹک میزائلوں کے موضوع پر بات کرنے سے صاف انکار کر رہے ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ کے مطابق ایران کا یہ رویہ عالمی امن کے لیے ایک سنگین چیلنج ہے کیونکہ وہ اپنے جوہری عزائم کو ترک کرنے کے بجائے انہیں ایک نئی شکل دینے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ ایران کی جانب سے مذاکراتی میز پر میزائل پروگرام کو زیرِ بحث نہ لانا اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ اپنے جارحانہ عزائم سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












