ایران کی پوری دفاعی کونسل اور اعلیٰ جرنیل فضائی حملوں کا نشانہ بن گئے

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای سمیت ملک کی تمام اعلیٰ عسکری اور سیاسی قیادت کی شہادت کی تصدیق کر دی گئی۔
ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے اتوار کی صبح ایک انتہائی دلخراش اور لرزہ خیز خبر نشر کی، جس کے مطابق ہفتے کے روز ہونے والی امریکی اور اسرائیلی جارحیت میں ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل عبدالرحیم موسوی اور وزیرِ دفاع بریگیڈیئر جنرل عزیز نصیر زادہ شہید ہو گئے ہیں۔
جنرل موسوی نے حال ہی میں تیرہ جون کو اپنا عہدہ سنبھالا تھا، وہ میجر جنرل محمد باقری کے جانشین مقرر ہوئے تھے، جو خود بھی جون میں ہونے والی بارہ روزہ جنگ کے دوران شہید ہوئے تھے۔
اس کے ساتھ ہی ایرانی میڈیا نے سپریم نیشنل ڈیفنس کونسل کے سیکرٹری ایڈمرل علی شمخانی اور پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ میجر جنرل محمد پاکپور کی شہادت کی بھی تصدیق کر دی ہے، جو ہفتے کو ہونے والے مشترکہ امریکی و اسرائیلی حملوں کا نشانہ بنے۔
اس ہولناک صورتحال کے درمیان اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے دفتر نے ٹیلی گرام پر ایک باضابطہ بیان جاری کیا ہے جس میں ایران کے رہبرِ اعلیٰ سید علی خامنہ ای کی شہادت کی تصدیق کی گئی ہے۔
صدارتی دفتر کے بیان میں اس واقعے کو ایک عظیم جرم قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ بزدلانہ کارروائی کبھی بھی بغیر جواب کے نہیں رہے گی اور اس جرم کی منصوبہ بندی کرنے والوں اور اس پر عمل کرنے والوں کو توبہ کرنے پر مجبور کر دیا جائے گا۔
ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق سید علی خامنہ ای اٹھائیس فروری کو اپنے دفتر میں فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہوئے، جس نے اسرائیلی نواز میڈیا کے ان دعوؤں کو مسترد کر دیا کہ وہ کسی نامعلوم یا محفوظ مقام پر چھپے ہوئے تھے، بلکہ وہ اپنی ذمہ داریوں کے محاذ پر اپنے عوام کے درمیان موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت پر اسکردو میں احتجاج، یو این او کے دفتر کو آگ لگا دی گئی
اسرائیل اور امریکہ کی اس مشترکہ جارحیت کے دوران تہران، قم، تبریز اور خرم شہر سمیت ایران کے کئی علاقوں میں مربوط حملے کیے گئے۔
اس عظیم نقصان کے فوراً بعد ایرانی مسلح افواج نے جوابی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیل کی جانب درجنوں بیلسٹک میزائل داغے جن کے اثرات تل ابیب، حیفہ اور دیگر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں دیکھے گئے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے عزم ظاہر کیا ہے کہ مسلح افواج کی تاریخ کا سب سے بڑا اور وحشیانہ حملہ اسرائیل اور خطے میں موجود امریکی دہشت گرد اڈوں پر شروع ہونے والا ہے جس کا مقصد دشمن کو نیست و نابود کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی جوابی کارروائیوں میں خلیجی ممالک بشمول سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت اور قطر میں موجود امریکی فوجی اڈوں اور اثاثوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا نے تصدیق کی ہے کہ شہید ہونے والی اعلیٰ شخصیات میں آیت اللہ علی خامنہ ای، علی شمخانی، جنرل عبدالرحیم موسوی، عزیز نصیر زادہ اور محمد پاکپور شامل ہیں، جبکہ مسلح افواج کے مزید کئی کمانڈروں کی شہادت کی اطلاع بھی موصول ہوئی ہے جن کے ناموں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
ایران نے واضح کیا ہے کہ اس کی خود مختاری پر ہونے والے حملوں کا ایسا کچل دینے والا جواب دیا جائے گا جسے دنیا مدتوں یاد رکھے گی۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











