قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتا نہیں، کسی دباؤ کے سامنے نہیں جھکیں گے : ایرانی مندوب

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل، ایران کے خلاف کشیدگی بڑھارہے ہیں۔ ایران کسی دباؤ یا دھمکی کے سامنے نہیں جھکے گا۔
امیر سعید ایروانی نے امریکا اور اسرائیل پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ایران کے خلاف جاری کشیدگی کو مزید پھیلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہفتے کے روز ایرانی سرزمین پر کیے گئے حملے بلا اشتعال اور دانستہ جارحیت تھے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکا اور اسرائیل نے باہمی رابطے اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ ایران کے مختلف بڑے شہروں میں شہری آبادی والے علاقوں کو نشانہ بنایا۔ ان شہروں میں لاکھوں افراد رہائش پذیر ہیں اور ان پر حملہ کرنا بین الاقوامی قوانین اور ریاستی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ مہینوں میں یہ دوسرا موقع ہے جب اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اس نوعیت کی کارروائی کی گئی۔ یہ حملے پہلے سے طے شدہ منصوبہ بندی کے تحت کیے گئے اور ان کا مقصد ایران پر دباؤ بڑھانا اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔
ایرانی مندوب نے مزید کہا کہ امریکہ خلیج فارس کے خطے میں موجود اپنے فوجی اڈوں کو استعمال کرتے ہوئے تنازع کو جان بوجھ کر وسیع کرنا چاہتا ہے۔ واشنگٹن اپنی علاقائی عسکری موجودگی سے فائدہ اٹھا کر محاذ آرائی کو نئی جہت دینا چاہتا ہے، تاہم ایران کسی دباؤ یا دھمکی کے سامنے نہیں جھکے گا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکا اور اسرائیل کا خواب ادھورا : خامنہ ای کی شہادت کے بعد بھی ایران کا نظام مکمل فعال
امیر سعید ایروانی کا کہنا تھا کہ ایران کو ہضم کرنے اور اسلامی جمہوریہ ایران کو سرنگوں کرنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی عوام اور قیادت اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے متحد ہیں اور کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
انہوں نے امریکا اور اسرائیل کے بعض رہنماؤں کی جانب سے ایران میں نظام کی تبدیلی سے متعلق بیانات کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کے مطابق ایسے بیانات ایران کی خودمختاری میں براہ راست مداخلت اور اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اس معاملے پر بحث کے دوران مختلف ممالک نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا۔ ایرانی مندوب نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری فوری طور پر اس صورتحال کا نوٹس لے اور ایسے اقدامات کرے جو مزید تصادم کو روک سکیں۔
ایران نے اس موقع پر واضح کیا کہ وہ اپنے دفاع کے حق سے دستبردار نہیں ہوگا اور اگر اس کی سرزمین یا شہریوں کو نشانہ بنایا گیا تو مناسب اور متناسب ردعمل دیا جائے گا۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ ایران کشیدگی میں کمی اور سفارتی حل کا حامی ہے، لیکن اپنی قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








