کویت میں امریکہ کا جدید لڑاکا طیارہ گر کر تباہ

کویت اور عراق کی سرحدی پٹی کے قریب امریکہ کا ایک جدید ترین لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ واقعے کے بعد فضائی حملوں کے سائرن گونج اٹھے۔
ابتدائی ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق، امریکی فضائیہ کا ایک ایف پندرہ لڑاکا طیارہ شمالی کویت میں عراق کی سرحد کے قریب گر کر تباہ ہو گیا ہے۔
حادثہ عراق اور کویت کے سرحدی کم آبادی والے علاقے میں پیش آیا، جو خور عبداللہ کی آبی گزرگاہ کے قریب واقع ہے۔ طیارہ زمین پر گرنے سے قبل ہی پائلٹ نے خود کو طیارے سے نکال لیا اور پیراشوٹ کے ذریعے بحفاظت زمین پر اترنے میں کامیاب رہا۔
میڈیا ذرائع کا بتانا ہے کہ پائلٹ کے زمین پر اترنے کے بعد مقامی کویتی شہریوں نے فوری طور پر اس کی مدد کی اور اسے محفوظ مقام پر پہنچایا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر گردش کرنے والی مختلف ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حادثے کے مقام سے دھوئیں کے گہرے بادل اٹھ رہے ہیں، جس سے طیارے کی تباہی کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ڈونلڈ ٹرمپ کی ایرانی عوام سے موجودہ نظام کے خلاف بغاوت کی اپیل
اس واقعے کے ساتھ ہی کویت کے مختلف حصوں، بالخصوص دسویں ڈسٹرکٹ اور جہرا میں لوگوں نے زوردار دھماکوں کی آوازیں سنیں اور فضائی حملوں کے سائرن بھی گونج اٹھے، جس نے مقامی آبادی کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے وقت علاقے میں غیر معمولی فوجی نقل و حرکت بھی دیکھی گئی ہے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ طیارہ کسی تکنیکی خرابی کے باعث گرا یا اس کے پیچھے کوئی اور محرکات کارفرما تھے۔
کویتی اور امریکی حکام نے ابھی تک حادثے کی حتمی وجوہات کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے، تاہم جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ جدید ترین لڑاکا طیارہ کن حالات میں تباہ ہوا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









