بدھ، 4-مارچ،2026
بدھ 1447/09/15هـ (04-03-2026م)

مذاکرات کے دوران ایران پر حملہ کرکے ٹرمپ نے امریکی ووٹرز کو دھوکہ دیا : ایرانی وزیر خارجہ

04 مارچ, 2026 15:20

ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے مذاکرات کے دوران حملے کر کے نہ صرف سفارت کاری کا قتل کیا بلکہ اپنے ووٹرز کو بھی دھوکہ دیا ہے۔

ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک انتہائی سخت پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایران کے ساتھ جاری جوہری مذاکرات کے عین درمیان حملے شروع کر کے سفارت کاری اور ان امریکی شہریوں کے ساتھ غداری کی ہے، جنہوں نے انہیں منتخب کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : ایران پر بمباری کی خفیہ کہانی : ٹرمپ اور نیتن یاہو کی وہ فون کال، جس نے سب بدل دیا

ایرانی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ جب انتہائی پیچیدہ جوہری مذاکرات کو جائیداد کی خرید و فروخت کے کسی لین دین کی طرح سمجھا جائے، اور جب بڑے جھوٹ حقائق پر پردہ ڈال دیں، تو غیر حقیقی توقعات کبھی پوری نہیں ہو سکتیں۔

عباس عراقچی نے مزید کہا کہ مذاکرات کی میز پر بات چیت کے بجائے بمباری کا راستہ اختیار کرنا، محض عناد اور دشمنی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ نے سفارتی چینلز کو کھلا رکھنے کا ڈرامہ رچایا لیکن درحقیقت وہ مذاکرات کی میز کو ہی تباہ کرنے کا منصوبہ بنا رہا تھا۔

ایرانی وزیرِ خارجہ کے مطابق صدر ٹرمپ کا یہ رویہ عالمی قوانین اور سفارتی آداب کی کھلی خلاف ورزی ہے، جس نے مستقبل میں کسی بھی قسم کے پرامن حل کے امکانات کو ختم کر دیا ہے۔ ایران کا موقف ہے کہ امریکہ نے اپنی اس جارحیت سے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کسی بھی معاہدے پر عملدرآمد کرنے کے حوالے سے ناقابلِ اعتبار ملک ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔