اسرائیلی فوج کی لبنان پر شدید بمباری، حزب اللہ کا اسرائیلی فوجی اڈے پر ڈرون حملے کا دعویٰ

اسرائیلی فوج نے لبنان کے مختلف علاقوں بشمول بیروت کے جنوبی مضافات اور طرابلس پر حملے کیے ہیں، جس کے جواب میں حزب اللہ نے اسرائیل کے اندر فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی فوج نے لبنان کے مختلف حصوں پر وحشیانہ فضائی حملے کیے ہیں۔ بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے حارت حریک میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
اسرائیلی جارحیت کا دائرہ کار جنوبی لبنان کے قصبے سوانہ اور صور نقورہ روڈ تک پھیل گیا ہے، جہاں ڈرون حملوں میں تین افراد جاں بحق ہوئے۔
لبنانی وزارت صحت کے مطابق بیروت ایئرپورٹ ہائی وے پر دو گاڑیوں کو نشانہ بنانے سے بھی تین افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : تہران میں حکومت کی تبدیلی کی کوشش کی تو نشانہ اسرائیل کی ایٹمی تنصیبات ہوں گی، ایرانی فوج
شمالی لبنان کے شہر طرابلس کے قریب بدوی پناہ گزین کیمپ پر بھی بمباری کی گئی جس میں دو افراد ہلاک ہوئے، جبکہ مجموعی طور پر گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں لبنان بھر میں بڑی تعداد میں شہری اور طبی عملہ نشانہ بنا ہے۔
دوسری جانب حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے تل ابیب کے جنوب میں واقع ایک اسرائیلی فوجی اڈے پر ڈرون کے ذریعے کامیاب حملہ کیا ہے۔
حزب اللہ کے بیان کے مطابق اس کارروائی میں اسرائیلی فضائی دفاعی نظام یعنی آئرن ڈوم کے ریڈار کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ لبنان کی قومی خبر رساں ایجنسی نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی ڈرون حملوں اور فضائی بمباری کے نتیجے میں لبنان کے کئی علاقوں میں جانی اور مالی نقصان ہوا ہے اور صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












