ایران جنگ: دنیا بھر سے امریکہ پر دباؤ، 12 ممالک کی ثالثی کی کوششیں

ایک طرف امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر فوجی کارروائیاں جاری ہیں تو دوسری طرف دنیا کے مختلف ممالک نے جنگ کو رکوانے کے لیے سفارتی سطح پر ثالثی کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔
ایک سینئر امریکی عہدیدار نے انکشاف کیا ہے کہ اب تک تقریباً بارہ ممالک نے جنگ رکوانے کے لیے ثالثی کی کوششوں کے سلسلے میں امریکہ سے رابطہ کیا ہے۔
مذکورہ عہدیدار نے امریکی خبر رساں ادارے سی این این کو بتایا کہ جب سے صورتحال تشدد کی طرف مائل ہوئی ہے، تب سے اب تک کئی ممالک نے ہم سے رابطہ کیا ہے اور ان کی تعداد تقریباً بارہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعض ممالک نے اس بحران کے حل میں مدد فراہم کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے اور ہم نے ان سے رابطہ کیا ہے۔
اس سے قبل ایسی رپورٹیں منظر عام پر آئی تھیں، جن میں کہا گیا تھا کہ ایرانی انٹیلی جنس نے امریکہ کو جنگ ختم کرنے کے لیے رابطے کے ذرائع کھولنے کی آمادگی ظاہر کی ہے اور یہ پیغامات ایک تیسرے ملک کے ذریعے امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی کو پہنچائے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : چین کا ایران جنگ پر ثالثی کیلئے وفود بھیجنے کا اعلان، امریکہ نے پیشکش مسترد کردی
تاہم تسنیم نیوز ایجنسی نے ایک ایرانی عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ تہران نے امریکہ کو کوئی پیغام نہیں بھیجا بلکہ وہ امریکہ کے پیغامات کا جواب بھی نہیں دے گا۔
امریکی حکام نے سی این این کو اس بات کی تصدیق کی ہے کہ فی الوقت کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے اور مستقبل قریب میں جنگ سے نکلنے کا کوئی ممکنہ راستہ نظر نہیں آرہا کیونکہ فوجی کارروائیوں کو روکنے کے حوالے سے کوئی سنجیدہ بات چیت نہیں ہو رہی۔
خبر رساں ادارے نے انکشاف کیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان پیغامات کا کوئی حقیقی تبادلہ نہیں ہوا اور امریکی مندوب اسٹیو وٹکوف جنہوں نے حملوں کے آغاز سے قبل ایران کے ساتھ مذاکرات کے تین دور کیے تھے، ان کا اب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی یا قومی سلامتی کے اعلیٰ عہدیدار علی لاریجانی سے کوئی رابطہ نہیں ہے جن کے ساتھ وہ ماضی میں ٹیکسٹ پیغامات کے ذریعے رابطے میں تھے۔
ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار نے کہا کہ ہم کسی بھی فریق کو بطور ثالث استعمال نہیں کر رہے، یہ ایک فوجی کارروائی ہے اور اسے اپنے انجام تک پہنچنا چاہیے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











