اتوار، 8-مارچ،2026
اتوار 1447/09/19هـ (08-03-2026م)

ایران کی میزائل صلاحیت برقرار ہے، دشمنوں کو قیمت چکانا پڑے گی، علی لاریجانی

08 مارچ, 2026 10:26

ایران کی سپریم قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی نے کہا ہے کہ دشمن ملک کو تقسیم کرنا چاہتا تھا، مگر ایرانی عوام نے ناکام بنا دیا، ایران کی میزائل صلاحیت بدستور محفوظ ہے۔

ایران کی سپریم قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی نے کہا ہے کہ ایران کے دشمنوں کی حکمت عملی یہ تھی کہ ملک کے اندر انتشار پیدا کیا جائے تاکہ اختلافات کو ہوا دے کر ایران کو تقسیم کیا جا سکے، کیونکہ ان کا اصل مسئلہ ایران کا وجود ہے۔

ایرانی سرکاری ٹیلی وژن سے گفتگو کرتے ہوئے علی لاریجانی نے کہا کہ دشمنوں نے موجودہ کشیدہ صورتحال سے فائدہ اٹھا کر ایران میں حالات کو اپنے حق میں تبدیل کرنے کی کوشش کی تاکہ وہ اپنے مذموم مقاصد حاصل کر سکیں، جن کی خواہش اسرائیل اس وقت ظاہر کر رہا ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے ان واقعات سے پہلے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے رابطہ کیا تھا اور انہیں بتایا تھا کہ اگر ایران کے خلاف کارروائی کی جائے تو ان کے مقاصد حاصل ہو سکتے ہیں۔ لاریجانی کے مطابق بعد میں ٹرمپ نے بھی کہا کہ وہ اس گفتگو سے متاثر ہو کر ایران پر حملے کے لیے آمادہ ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے نے امریکا کے مفادات کو نقصان پہنچایا اور امریکی عوام پر بھاری اخراجات کا بوجھ ڈال دیا۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کی میزائل اور ڈرون صلاحیت کم کردی، وہ غیر مشروط ہتھیار ڈال دے، ٹرمپ

علی لاریجانی نے کہا کہ دشمنوں نے ایران کی قیادت کو نشانہ بنا کر نظام کو کمزور کرنے کی کوشش کی اور ان کا خیال تھا کہ قیادت کو نشانہ بنانے سے حکومتی نظام ٹوٹ جائے گا، لیکن ایسا نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام شدید غم کے باوجود اپنی روزمرہ زندگی جاری رکھے ہوئے ہیں اور ملک میں غیر معمولی اتحاد دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ایرانی عوام تاریخ اور دشمن کے عزائم سے بخوبی واقف ہیں اور وہ اپنی قومی طاقت کو محفوظ رکھنے کے لیے متحد ہیں۔

لاریجانی نے امریکا اور اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی سرزمین پر حملوں اور ایرانی قیادت کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی بھاری اور غیر معمولی قیمت ادا کرنا پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت خطے کی حقیقت کو سمجھنے میں ناکام رہی ہے اور ایران کے بارے میں اس کے اندازے غلط ثابت ہوئے ہیں۔ ایران نے ہمیشہ ثابت کیا ہے کہ وہ دباؤ اور بحران کے باوجود ثابت قدم رہتا ہے۔

علی لاریجانی نے مزید کہا کہ حکومت نے شہریوں کو ایندھن اور خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کیئے ہیں اور ملک میں ضروری اشیاء کے ذخائر بھی موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج کے کمانڈر میدان میں موجود ہیں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ضروری عسکری سامان تیار کیا جا رہا ہے۔

لاریجانی کا کہنا تھا کہ امریکا اس جنگ کو جلد ختم کرنا چاہتا تھا، لیکن اب وہ خود ایک مشکل صورتحال میں پھنس چکا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی میزائل صلاحیت مکمل طور پر برقرار ہے اور دشمن اس حوالے سے حد سے زیادہ خوش فہمی کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران پر حملہ کرنے والوں کو اس کی قیمت ادا کرنا پڑے گی اور ایران اس معاملے کو ایسے ہی نہیں چھوڑے گا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔