اتوار، 8-مارچ،2026
اتوار 1447/09/19هـ (08-03-2026م)

سعودی عرب کی ایران کو پہلی بار براہ راست جوابی کارروائی کی دھمکی

08 مارچ, 2026 13:17

سعودی عرب نے پہلی بار ایران کو براہ راست خبردار کیا ہے کہ اگر مملکت یا اس کی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تو ریاض خاموش نہیں بیٹھے گا۔

مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران سعودی عرب نے پہلی بار ایران کو براہ راست جوابی کارروائی کی وارننگ دے دی ہے۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کی ایک رپورٹ کے مطابق سعودی حکام نے تہران کو واضح پیغام دیا ہے کہ اگر سعودی عرب یا اس کی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تو ریاض سخت ردعمل دے گا۔

رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت اب بھی ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع کا سفارتی حل چاہتی ہے، تاہم مملکت کی سلامتی اور توانائی کے مراکز پر کسی بھی حملے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق خلیجی ممالک نے اب تک ایران کے خلاف کارروائیوں کے لیے امریکا کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی۔ تاہم اگر خطے میں کشیدگی مزید بڑھتی ہے اور حملوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے تو سعودی عرب امریکی افواج کو اپنے فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دینے پر غور کر سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور سعودی عرب کی ایران سے تحمل اور دانشمندی کا مظاہرہ کرنے کی اپیل

دوسری جانب ایران کا مؤقف ہے کہ اس کی کارروائیوں کا ہدف خلیجی ممالک نہیں بلکہ خطے میں موجود امریکی مفادات اور فوجی تنصیبات ہیں۔

تہران کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو بند کیا جانا چاہیے کیونکہ یہی اڈے خطے میں کشیدگی کی بڑی وجہ ہیں۔

رپورٹ کے مطابق امریکا اور اسرائیل کی جانب سے اٹھائیس فروری کو ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے آغاز کے بعد سعودی عرب مسلسل سفارتی ذرائع کے ذریعے تہران کے ساتھ رابطے میں ہے۔ اس رپورٹ پر تاحال سعودی عرب اور ایران دونوں کی جانب سے باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔