پیر، 9-مارچ،2026
پیر 1447/09/20هـ (09-03-2026م)

حملے جاری رہے تو سنگین نتائج ہوں گے، سعودی عرب نے ایران کو خبردار کردیا

09 مارچ, 2026 10:48

سعودی عرب نے ایران پر خلیجی اور عرب ممالک پر حملوں کا الزام عائد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر یہ کارروائیاں جاری رہیں تو اس کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔

سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے ایک سخت بیان جاری کرتے ہوئے ایران کی جانب سے مملکت اور دیگر خلیجی ممالک پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ شہری تنصیبات، ہوائی اڈوں اور تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانا نہایت خطرناک اقدام ہے، جو خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے بڑا خطرہ بن سکتا ہے۔

وزارت خارجہ کے مطابق اس نوعیت کی کارروائیاں بین الاقوامی قوانین اور عالمی معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ سعودی حکام نے کہا کہ ایران کی جانب سے پیش کیے جانے والے جواز حقیقت پر مبنی نہیں ہیں اور انہیں مسترد کیا جاتا ہے۔

بیان میں خاص طور پر ایران کے اس دعوے کو بھی غلط قرار دیا گیا، جس میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب نے اپنی سرزمین سے جنگی طیاروں کو کارروائی کی اجازت دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب کی ایران کو پہلی بار براہ راست جوابی کارروائی کی دھمکی

سعودی وزارت خارجہ کے مطابق مذکورہ طیارے صرف فضائی نگرانی کے لیے استعمال کیے جا رہے تھے تاکہ ایرانی میزائلوں اور ڈرونز سے سعودی عرب اور خلیجی تعاون کونسل کے رکن ممالک کی فضائی حدود کا تحفظ کیا جا سکے۔

سعودی حکام نے مزید کہا کہ ایران کی موجودہ کارروائیاں خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتی ہیں اور اس کے اثرات نہ صرف موجودہ تعلقات بلکہ مستقبل کے تعلقات پر بھی پڑ سکتے ہیں۔

بیان میں واضح طور پر کہا گیا کہ ایران کو اس بات کا احساس ہونا چاہیے کہ اگر کشیدگی کا یہ سلسلہ جاری رہا تو اس کے نتائج سب سے زیادہ ایران کے لیے نقصان دہ ثابت ہوں گے۔

سعودی وزارت خارجہ کے مطابق خطے کے ممالک امن اور استحکام چاہتے ہیں لیکن اگر حملے جاری رہے تو صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔