تہران اور دیگر شہروں میں دھماکوں کی گونج، ایران کی جوابی کارروائی

ایران میں نئے سپریم لیڈر کے اعلان کے بعد امریکا اور اسرائیل نے ایران کے مختلف شہروں پر شدید فضائی حملے کئے جبکہ ایران نے بھی جوابی میزائل حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔
ایران کے دارالحکومت تہران سمیت کئی بڑے شہروں میں شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جب امریکی اور اسرائیلی طیاروں نے مختلف اہداف کو نشانہ بنایا۔
رپورٹس کے مطابق تہران، اصفہان، تبریز اور دیگر علاقوں میں یکے بعد دیگرے دھماکے ہوئے، جس کے باعث کئی عمارتیں لرز اٹھیں اور بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پورے دن کے دوران مختلف مقامات پر بار بار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیتی رہیں تاہم حکام نے فوری طور پر نقصانات کی مکمل تفصیلات جاری نہیں کیں۔
یہ بھی پڑھیں : تیل کا قطرہ بھی نہیں جانے دیں گے، سب کیلئے سکیورٹی ہوگی یا کسی کیلئے نہیں، ایرانی کمانڈر
اطلاعات کے مطابق اصفہان میں ہونے والے دھماکے ایران کی ایٹمی تنصیبات کے قریب ہوئے جبکہ گورنر اصفہان کے دفتر اور تاریخی شاہی محل کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ یہ تاریخی محل عالمی ثقافتی ورثے میں شامل عمارتوں میں شمار ہوتا ہے۔
دوسری جانب بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران میں افزودہ یورینیم کے ذخائر محفوظ ہیں اور انہیں نقصان نہیں پہنچا۔
ایرانی فوج اور پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ وہ حملوں کا بھرپور جواب دے رہے ہیں اور دشمن کے خلاف مزاحمت جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جوابی کارروائی کے طور پر میزائلوں کی ایک نئی لہر داغی ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق تازہ حملوں میں پہلے کے مقابلے میں زیادہ وزنی میزائل استعمال کیے گئے ہیں اور آئندہ داغے جانے والے میزائلوں کے وارہیڈز کا وزن کم از کم ایک ہزار کلوگرام ہوگا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












