تیل کا قطرہ بھی نہیں جانے دیں گے، سب کیلئے سکیورٹی ہوگی یا کسی کیلئے نہیں، ایرانی کمانڈر

ایران کے ایک اعلیٰ فوجی عہدیدار نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف حملے جاری رہے تو خطے میں تیل کی ترسیل روک دی جائے گی،سب کیلئے سکیورٹی ہونی چاہیے۔
ایران کے ایک سینئر فوجی عہدیدار نے لبنانی نشریاتی ادارے المیادین کو خصوصی گفتگو میں خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جاری حملے نہ رکے تو پورے خطے کی سکیورٹی صورتحال بدل سکتی ہے اور تیل کی ترسیل شدید متاثر ہو سکتی ہے۔
ایرانی عہدیدار نے واضح الفاظ میں کہا کہ ایران اس بات کی اجازت نہیں دے گا کہ خطے سے ایک قطرہ بھی تیل ان ممالک تک پہنچے جو ایران کے خلاف جارحیت میں شریک ہیں یا ان کے اتحادی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تک ایران کے خلاف جارحیت جاری رہے گی اس وقت تک دشمن ممالک تک تیل کی ترسیل روک دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : جنگ کے خاتمے کا فیصلہ امریکہ نہیں، ایران خود کرے گا : پاسداران انقلاب
انہوں نے کہا کہ جنگی حالات میں تجارتی سرگرمیوں کو سکیورٹی تقاضوں کے مطابق چلایا جاتا ہے اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی بھی جنگی قوانین کے تحت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس اہم بحری راستے پر نقل و حرکت کو جنگی صورتحال کے مطابق منظم کیا جائے گا۔
ایرانی عہدیدار کے مطابق اگر ایران کے عوام اور بنیادی تنصیبات کو نشانہ بنایا جاتا رہا تو اس کے اثرات پورے خطے میں محسوس ہوں گے۔ یا تو سب کے لیے سکیورٹی ہوگی یا پھر کسی کے لیے بھی نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران کی اہم تنصیبات پر حملے جاری رہے تو اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی عدم سکیورٹی کسی ایک ملک تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پورے خطے کو متاثر کرے گی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران کے خلاف اپنے پہلے فوجی منصوبوں میں کامیابی نہ ملنے کے بعد غیر روایتی طریقوں کا سہارا لینا شروع کر دیا ہے۔
ایرانی عہدیدار نے خبردار کیا کہ امریکا کی مسلسل کارروائیاں جنگ کو مزید شدید مرحلے میں داخل کر سکتی ہیں اور اس صورت میں ایران زیادہ طاقت اور شدت کے ساتھ جواب دینے پر مجبور ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ تہران اس بات کے لیے تیار ہے کہ اگر جارحیت جاری رہی تو جنگ کے دائرہ کار کو نمایاں طور پر وسیع کیا جا سکتا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








