اقوام متحدہ میں افغانستان کے اپنے ہی مندوب نے طالبان حکومت کے دہشت گردوں سے روابط کا پردہ فاش کردیا

اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں افغانستان کے قائم مقام مندوب نصیر احمد فائق کے طالبان حکومت کی دہشت گردانہ پالیسیوں پر بیان نے افغانستان میں دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق پاکستان کے دیرینہ موقف کی تائید کر دی ہے۔
اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے حالیہ اجلاس میں افغانستان کے قائم مقام مندوب نصیر احمد فائق نے طالبان انتظامیہ کی ناکامیوں اور ان کے دہشت گرد گروہوں کے ساتھ گٹھ جوڑ کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔
نصیر احمد فائق نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ طالبان نے اقتدار سنبھالنے کے بعد عالمی دہشت گرد گروہوں کے لیے انتہائی سازگار ماحول فراہم کیا ہے، جو کہ دوحہ معاہدے کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے پانچ سال گزرنے کے باوجود ان کی پالیسیوں میں کوئی مثبت یا بامعنی تبدیلی نہیں آئی بلکہ ان کی سخت گیر پالیسیوں اور شدت پسندوں کی پشت پناہی نے خطے اور پوری دنیا کے لیے انتہائی خطرناک حالات پیدا کر دیئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : آپریشن غضب للحق کے تحت کارروائیاں جاری، افغان طالبان اپنی پوسٹیں چھوڑ کر فرار
مندوب نے مزید کہا کہ افغانستان آج طالبان کے جبر، دھمکیوں اور غلط معاشی پالیسیوں کے باعث شدید سماجی، انسانی اور سیاسی بحرانوں کی لپیٹ میں ہے، جبکہ خواتین اور لڑکیوں کو ان کے بنیادی حقوق اور تعلیم کی آزادی سے منظم طریقے سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
اس بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے عالمی امور کے ماہرین نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ میں افغان مندوب کا یہ سخت موقف دراصل افغانستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کی موجودگی سے متعلق پاکستانی موقف کی بڑی جیت ہے۔
ماہرین کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے دہشت گردوں کی مسلسل سرپرستی نہ صرف افغانستان کے اپنے مفاد میں ہے اور نہ ہی اس سے خطے کی سلامتی کو کوئی فائدہ پہنچ رہا ہے، بلکہ اس سے حالات مزید بگڑ رہے ہیں۔
ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ طالبان کی شدت پسندانہ پالیسیوں اور عالمی برادری سے کٹ کر رہنے کی وجہ سے افغانستان کا سیاسی اور اقتصادی بحران ایک ایسے مقام پر پہنچ گیا ہے، جہاں سے واپسی مشکل نظر آتی ہے اور اس کا خمیازہ عام افغان شہری بھگت رہا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











