امریکی اور اسرائیلی حملوں میں تیرہ سو سے زائد ایرانی شہری شہید ہوچکے ہیں، ایرانی مندوب

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے نتیجے میں ایران میں تیرہ سو سے زائد شہری جاں بحق ہو چکے ہیں اور ہزاروں شہری تنصیبات تباہ ہو چکی ہیں۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیئے گئے حملوں میں اب تک تیرہ سو سے زائد شہری جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ ہزاروں شہری تنصیبات تباہ ہو چکی ہیں۔
نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے کہا کہ جنگ کے آغاز سے اب تک نو ہزار چھ سو انہتر شہری مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے، جن میں تقریباً آٹھ ہزار رہائشی مکانات شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تباہ ہونے والی جگہوں میں رہائشی عمارتوں کے علاوہ تجارتی مراکز، طبی اور ادویاتی ادارے، اسکول اور دیگر تعلیمی ادارے بھی شامل ہیں۔
امیر سعید ایروانی کے مطابق حملوں میں گنجان آباد رہائشی علاقوں اور بنیادی شہری ڈھانچے کو بھی نشانہ بنایا گیا، جو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اقوام متحدہ میں افغانستان کے اپنے ہی مندوب نے طالبان حکومت کے دہشت گردوں سے روابط کا پردہ فاش کردیا
انہوں نے مزید کہا کہ پانچ اور سات مارچ کی رات تہران اور دیگر شہروں میں ایندھن ذخیرہ کرنے والی تنصیبات پر شدید حملے کئے گئے، جس کے نتیجے میں بڑی مقدار میں خطرناک اور زہریلے آلودہ مادے فضا میں پھیل گئے۔
ایرانی سفیر کے مطابق آٹھ مارچ کی صبح ہونے والی بارش کے باعث یہ زہریلے مادے تیزابی بارش کی صورت میں مزید پھیل گئے، جس سے ماحولیاتی آلودگی اور سانس کی بیماریوں کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تہران کے طبی مراکز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے، جبکہ شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ ان حملوں سے ماحولیاتی تحفظ سے متعلق بین الاقوامی معاہدوں کی بھی خلاف ورزی ہوئی ہے، جن میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اقوام متحدہ کا فریم ورک کنونشن اور حیاتیاتی تنوع سے متعلق عالمی معاہدہ شامل ہیں۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کونسل ایران میں ہونے والی تباہی پر آنکھیں بند کیے بیٹھی ہے۔
ایرانی سفیر نے یہ بھی بتایا کہ آٹھ مارچ کو بیروت کے ایک ہوٹل پر اسرائیلی حملے میں ایران کے چار سفارت کار بھی شہید ہوئے تھے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








