بحرین اور عمان کی تیل تنصیبات پر حملے، خوفناک آگ بھڑک اٹھی

بحرین اور عمان میں تیل کی تنصیبات پر حملوں کے بعد آگ بھڑک اٹھی، حکام کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کی کارروائیاں جاری ہیں اور صورتحال پر قابو پانے میں وقت لگ سکتا ہے۔
بحرین کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ محرق گورنری میں واقع ایک ایندھن ذخیرہ کرنے کی تنصیب کو ایرانی حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
حکام کے مطابق حملے کے بعد تیل کے ٹینکوں میں آگ بھڑک اٹھی، جس پر قابو پانے کے لیے ہنگامی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
اسی دوران عمان کی بندرگاہ صلالہ میں بھی تیل ذخیرہ کرنے والے کئی ٹینکروں میں آگ لگنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
عمان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق سول دفاع اور ایمبولینس کے ادارے آگ بجھانے کی کارروائیوں میں مصروف ہیں تاہم حکام کا کہنا ہے کہ آگ مکمل طور پر بجھانے میں وقت لگ سکتا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق بندرگاہ کے ایندھن ذخیرہ کرنے والے ٹینکروں کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں شدید دھماکہ ہوا اور آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے گئے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کے قطر، بحرین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پر میزائل اور ڈرون حملے
ایک ویڈیو میں مبینہ طور پر ایک ڈرون کو ٹینک سے ٹکراتے اور دھماکہ کرتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔
دوسری جانب ایرانی حکام نے اس واقعے میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمان ایک دوست ملک ہے اور وہاں ہونے والا واقعہ مشکوک نوعیت کا ہے۔ ایرانی ذرائع کے مطابق اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
ایران کا کہنا ہے کہ بعض اوقات امریکا اور اسرائیل کی جانب سے اشتعال انگیز اقدامات کیے جاتے ہیں تاکہ خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھایا جا سکے۔
عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے عمان میں ہونے والے حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ عمان خطے میں جاری تنازع میں غیر جانبدار مؤقف برقرار رکھے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












