جی سیون کا خلیج میں بحری جہازوں کو فوجی تحفظ فراہم کرنے پر غور

ایران کے ساتھ جاری جنگ کے باعث عالمی سپلائی نظام متاثر ہونے کے بعد سات صنعتی ممالک کے جی سیون گروپ نے خلیجی بحری راستوں میں جہازوں کی حفاظت کے لیے نئی تجاویز پر غور شروع کر دیا ہے۔
جی سیون ممالک کا ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے عالمی معیشت پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، برطانیہ اور امریکا کے نمائندوں کے علاوہ یورپی اتحاد کے حکام نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا کہ جی سیون گروپ بحری جہازوں کو فوجی تحفظ فراہم کرنے کے امکانات پر غور کر رہا ہے تاکہ خلیجی بحری راستوں میں تجارت کو محفوظ بنایا جا سکے۔
بیان کے مطابق اگر سیکیورٹی حالات اجازت دیں تو جہازوں کو بحری محافظت فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کیا جا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں جہاز رانی کمپنیوں، سامان بردار اداروں اور انشورنس کمپنیوں کے ساتھ بھی مشاورت کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : جی سیون ایران کے داخلی امور میں مداخلت نہ کرے، ایرانی وزارت خارجہ
اطلاعات کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز کو مؤثر طور پر بند کر دیا ہے اور وہاں بارودی سرنگیں بچھانے کے اقدامات کئے گئے ہیں، جس کے باعث عالمی توانائی سپلائی کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ جنگ کے اثرات زرعی پیداوار اور خوراک کی عالمی سپلائی پر بھی پڑ سکتے ہیں، جس کے باعث کئی ممالک کو معاشی مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ موجودہ صورتحال اس بات کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتی ہے کہ دنیا کو توانائی کے متبادل ذرائع اور خود انحصاری کی پالیسی کو فروغ دینا چاہیے تاکہ جغرافیائی سیاسی تنازعات کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












