عالمی سطح پر رسوائی کے بعد مودی حکومت کا سوشل میڈیا پر کریک ڈاؤن، ہزاروں پوسٹس بلاک

تازہ ترین رپورٹ کے مطابق بھارت میں سوشل میڈیا پر سنسرشپ کی بدترین لہر دیکھی جا رہی ہے جہاں حکومتی ایماء پر ہزاروں تنقیدی پوسٹس کو بلاک کیا جا رہا ہے۔
بھارت میں برسراقتدار انتہا پسند مودی حکومت نے اپنی ناکام سفارت کاری اور نفرت انگیز داخلی پالیسیوں پر ہونے والی قومی و بین الاقوامی تنقید کو روکنے کے لیے سوشل میڈیا پر بدترین سنسرشپ نافذ کر دی ہے۔
بھارتی جریدے دی وائر کی ایک تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مودی حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی دفعہ انہتر اے کا بے دریغ استعمال کرتے ہوئے ان تمام سوشل میڈیا پوسٹس کو بلاک کر رہی ہے، جن میں حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھایا گیا ہو۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران سوشل میڈیا سے مواد ہٹانے کے واقعات میں سن دو ہزار تئیس کے مقابلے میں تین سو فیصد کا ہوش ربا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی جنگ اور پاکستانی فضائی حدود کی بندش، انڈین ایئرلائنز شدید بحران کا شکار
دی وائر نے تصدیق کی ہے کہ خود ان کی اپنی دو طنزیہ ویڈیوز اور بانی ایڈیٹر کی ایک ری پوسٹ کو بھی ایکس اور انسٹاگرام سے زبردستی ہٹا دیا گیا ہے۔ اس سنسرشپ کا نشانہ نہ صرف صحافی بن رہے ہیں بلکہ معروف کارٹونسٹ اور سیاسی ناقدین کی آواز کو بھی دبایا جا رہا ہے۔
عالمی اور مقامی ماہرین کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کی جانب سے تنقیدی مواد کو بلاک کرنا اظہار رائے کی آزادی پر براہ راست حملہ ہے اور یہ اقدامات بھارتی جمہوریت کے دعوؤں کی قلعی کھول رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق مودی حکومت کے یہ آمرانہ اقدامات دراصل اس شفافیت کی کمی کو ظاہر کرتے ہیں، جس سے حکومت چھپنا چاہتی ہے۔
بھارت میں عوام اب مودی کی پالیسیوں پر کھل کر تنقید کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں بھارتی حکومت شدید دباؤ میں نظر آتی ہے اور اسی دباؤ کا نتیجہ ہے کہ وہ ٹیکنالوجی کے قوانین کا سہارا لے کر اپنی ناکامیاں چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔
یہ صورتحال واضح کرتی ہے کہ مودی حکومت حقائق کا سامنا کرنے کے بجائے طاقت کے زور پر عوامی رائے کو تبدیل کرنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










