عراق کی بندرگاہ پر تیل بردار جہازوں پر حملہ، ایک ہلاک

عراق میں بصرہ کے قریب دو غیر ملکی تیل بردار جہازوں پر حملوں کے بعد دھماکوں اور آگ لگنے سے ایک ملاح ہلاک ہوگیا، حکام درجنوں افراد کو بچانے میں کامیاب رہے۔
عراقی حکام کے مطابق خلیج فارس میں بصرہ کی بندرگاہ کے قریب دو غیر ملکی تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنانے کے بعد شدید دھماکے ہوئے، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا، اڑتیس ملاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔
عراقی بندرگاہوں کی جنرل کمپنی کے سربراہ نے بتایا کہ ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں جہازوں سے عملے کے ارکان کو بچایا، تلاش اور امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔
جہازوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والی ویب سائٹس کے مطابق متاثرہ جہازوں کے اردگرد امدادی کشتیوں کی بڑی تعداد موجود ہے، جو آگ بجھانے اور عملے کی تلاش میں مصروف ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں جہازوں میں دھماکوں کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث سمندر میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں : اہداف حاصل ہونے تک ایران میں کارروائی جاری رہے گی، وائٹ ہاؤس
عراقی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل سعد معن نے کہا کہ دو تیل بردار جہاز تخریبی کارروائی کا نشانہ بنے اور یہ واقعہ عراقی حدود میں پیش آیا، جسے انہوں نے عراقی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عراق اس واقعے کے حوالے سے قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
عراقی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے یہ شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ دھماکہ خیز مواد سے لیس ایک ایرانی کشتی نے دونوں جہازوں کو نشانہ بنایا، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور حتمی نتیجہ سامنے آنے کے بعد ہی ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔
اسی دوران عمان کی بحریہ نے آبنائے ہرمز کے قریب ایک تھائی پرچم بردار جہاز سے بیس ملاحوں کو بچانے کی بھی تصدیق کی ہے، جسے حملے کے بعد نقصان پہنچا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ جہاز بھارت کی بندرگاہ کنڈلہ کی طرف جا رہا تھا، جب اسے نشانہ بنایا گیا۔
بھارت کی وزارت خارجہ نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاری تنازع کے دوران تجارتی جہاز رانی کو نشانہ بنانا انتہائی تشویشناک عمل ہے کیونکہ اس سے عالمی تجارت اور انسانی جانوں کو خطرہ لاحق ہوتا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












