ایران کے خارگ جزیرے اور فوجی اہداف پر تاریخ کے طاقتور ترین حملے کیے گئے؛ ٹرمپ کا دعویٰ

ایرانی حکومت کی جانب سے لاحق خطرات کو جڑ سے ختم کردیں گے،امریکی صدر
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی افواج نے ایران کے خارگ جزیرے اور دیگر فوجی اہداف پر مشرقِ وسطیٰ کی تاریخ کے طاقتور ترین حملے کیے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ان کی ہدایت پر امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایران کے اہم فوجی اہداف اور خارگ جزیرے کو نشانہ بنایا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں تمام اہداف مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ بعض وجوہات کی بنا پر انہوں نے خارگ جزیرے کے تیل کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کا حکم نہیں دیا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران یا کوئی اور ملک آبنائے ہرمز میں آزاد اور محفوظ جہاز رانی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرے گا تو امریکا اس فیصلے پر فوری نظرثانی کر سکتا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے پہلے دورِ صدارت اور موجودہ دور میں امریکی فوج کو دنیا کی سب سے طاقتور اور مؤثر فوجی قوت بنا دیا ہے۔ ایران کے پاس ایسی کوئی صلاحیت نہیں کہ وہ امریکی حملوں کا مؤثر دفاع کر سکے۔
صدر ٹرمپ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکے گا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران کے مشرقِ وسطیٰ پر اثر و رسوخ بڑھانے اور اسرائیل کو تباہ کرنے کے منصوبے اب مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔
انہوں نے ایران کی فوج اور حکومتی شخصیات کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہتھیار ڈال دیں اور اپنے ملک کو مزید تباہی سے بچائیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












