اگر مجتبیٰ خامنہ ای زندہ ہیں تو سرنڈر کر دیں، ایران کی ڈیل کی شرائط ہمیں پسند نہیں، ٹرمپ

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی نئی اعلیٰ قیادت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں یہ بھی معلوم نہیں کہ ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای زندہ بھی ہیں یا نہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے کے ساتھ ایک ٹیلی فونک انٹرویو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے سابق رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای کے بیٹے اور نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے بارے میں ابھی تک کوئی واضح معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک کسی نے انہیں عوام کے سامنے نہیں دکھایا اور نہ ہی وہ کسی ویڈیو بیان میں نظر آئے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ مجتبیٰ خامنہ ای نے حال ہی میں اپنا پہلا بیان تحریری صورت میں جاری کیا تھا جبکہ وہ کیمرے کے سامنے نہیں آئے۔ اسی وجہ سے یہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ شاید وہ زندہ بھی نہیں ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے بھی ایسی اطلاعات سنی ہیں کہ شاید ایران کے نئے سپریم لیڈر زندہ نہیں رہے، تاہم انہوں نے اس خبر کو محض ایک افواہ قرار دیا اور کہا کہ اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
یہ بھی پڑھیں : شہید رہبر کے مشن کو آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں جاری رکھا جائے گا؛ القسام بریگیڈ
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر مجتبیٰ خامنہ ای واقعی زندہ ہیں تو انہیں اپنے ملک کے لیے ایک دانشمندانہ فیصلہ کرنا چاہیے اور وہ فیصلہ ایران کی جانب سے ہتھیار ڈالنے کا ہونا چاہیے۔
اسی انٹرویو میں امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ ایران نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات کی خواہش ظاہر کی ہے، تاہم ان کے مطابق اس وقت ایسا کوئی معاہدہ ممکن نہیں کیونکہ ایران کی جانب سے پیش کی جانے والی شرائط ابھی قابل قبول نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر مستقبل میں کوئی معاہدہ ہوتا ہے تو اس کی بنیادی شرط یہ ہو گی کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کو مکمل طور پر ترک کرے۔
ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ کئی ممالک نے آبنائے ہرمز کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے امریکہ کی مدد کرنے کا وعدہ کیا ہے، تاہم انہوں نے ان ممالک کے نام ظاہر نہیں کیے۔
امریکی صدر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ امریکہ نے ایران کے اہم تیل برآمدی مرکز خارگ جزیرے کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے اور ضرورت پڑنے پر اس پر مزید حملے بھی کیے جا سکتے ہیں۔
تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے خدشات کو مسترد کر دیا اور کہا کہ دنیا میں تیل اور گیس کی کمی نہیں ہے اور جلد ہی صورتحال بہتر ہو جائے گی۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










