اتوار، 15-مارچ،2026
اتوار 1447/09/26هـ (15-03-2026م)

ایران کا امریکہ اور اسرائیل پر ایرانی ڈرون کی نقل تیار کرنے کا الزام

15 مارچ, 2026 10:14

ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے دشمن ممالک نے ایرانی ڈرون کی نقل تیار کر کے اسے نئے نام سے استعمال کرنا شروع کر دیا ہے تاکہ خطے میں ہونے والے حملوں کا الزام ایران پر ڈالا جا سکے۔

ایران کے مرکزی فوجی کمانڈ مرکز خاتم الانبیاء کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ایران کے دشمنوں نے ایرانی ساختہ شاہد ایک سو چھتیس ڈرون کی نقل تیار کی ہے اور اسے نئے نام کے ساتھ استعمال کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس نقل شدہ ڈرون کو خطے کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی اہداف پر حملوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ ان کارروائیوں کا الزام ایران پر عائد کیا جا سکے۔

ترجمان نے الزام عائد کیا کہ اسرائیلی قبضہ اور امریکہ فوجی اور سیاسی محاذ پر ناکامی کے بعد اب دھوکہ دہی اور سازشوں کا سہارا لے رہے ہیں۔ دشمن کا مقصد یہ ہے کہ جعلی حملے کر کے انہیں ایران کے کھاتے میں ڈال دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران میں امریکی زمینی فوج بھیجنے کی ضرورت نہیں، لنڈسے گراہم

بیان میں کہا گیا کہ اس طرح کی کارروائیوں کا مقصد خطے کے عوام کے ذہنوں میں شکوک پیدا کرنا اور ایران کے خلاف منفی تاثر قائم کرنا ہے تاکہ ایران اور اس کے ہمسایہ ممالک کے درمیان فاصلے بڑھائے جا سکیں۔

ایرانی ترجمان نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج کی دفاعی کارروائیاں مکمل طور پر قانونی اصولوں اور دفاعی حکمت عملی کے مطابق انجام دی جاتی ہیں اور ایران صرف ان اہداف کو نشانہ بناتا ہے جو امریکہ اور اسرائیل سے متعلق ہوں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ حالیہ دنوں میں بعض پڑوسی ممالک میں ہونے والے حملوں کو بھی ایران سے جوڑنے کی کوشش کی گئی، حالانکہ ایران نے واضح کیا ہے کہ وہ صرف جائز فوجی اہداف کو نشانہ بناتا ہے۔

ایرانی ترجمان نے خطے کے حکام اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ان مبینہ سازشوں کو سمجھیں اور کسی بھی اشتعال انگیزی کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسے اقدامات کو نظر انداز نہ کیا گیا تو دشمن اپنی سازشوں کو مزید وسعت دے سکتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ خطے کے ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، اتحاد اور تعاون ہی وہ راستہ ہے، جس کے ذریعے ان سازشوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔