ایران کا اسرائیل کے صنعتی علاقوں پر حملہ، عراق اور کویت کے امریکی اڈے بھی نشانہ

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اسرائیل کے صنعتی سمیت مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ عراق اور کویت میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو بھی میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کے شہر تل ابیب میں ایمبولینسوں کے مسلسل سائرن اس بات کی نشاندہی کر رہے ہیں کہ ایرانی میزائل حملوں کے اثرات انتہائی شدید ہیں۔ اسرائیلی حکام نے بھی ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کا اعتراف کیا ہے۔
ایرانی فوجی بیان میں کہا گیا کہ پاسدارانِ انقلاب کے بھاری میزائلوں نے تل ابیب کے صنعتی علاقوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔
بیان کے مطابق ایران نے عراق کے شہر اربیل میں واقع حریر فضائی اڈے کو بھی نشانہ بنایا، جہاں امریکی فوجی موجود ہیں۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اس اڈے کو طاقتور میزائلوں اور ڈرون حملوں کے ذریعے تباہ کر دیا گیا۔
اسی طرح کویت میں موجود علی السالم اور عریفجان فوجی اڈوں کو بھی ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کا نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی دعوے کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں امریکی فوجی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا۔
ایران کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں اس کی دفاعی حکمت عملی کا حصہ ہیں اور خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے اس کے جائز فوجی اہداف ہیں۔
دوسری طرف اسرائیل کے مختلف شہروں پر گزشتہ بارہ گھنٹوں کے دوران میزائل حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، بعض اطلاعات کے مطابق اسرائیلی حکام نے نقصانات کی تفصیلات کو چھاپنے کی کوشش بھی کی۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی حکومت کا وزارتوں کے بجٹ میں کٹوتی کرکے اربوں شیکل فوج کو دینے کا فیصلہ
رپورٹس کے مطابق لود، بنی براک اور رملہ سمیت کئی شہروں میں آگ لگنے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ ابتدائی طور پر کہا گیا کہ یہ آگ میزائل حملوں کے باعث لگی تاہم بعد میں بعض اطلاعات میں کہا گیا کہ ان واقعات کا میزائل حملوں سے براہ راست تعلق ثابت نہیں ہو سکا۔
دوسری جانب شہر حولون میں ایک عمارت میں آگ لگنے کی تصدیق ہوئی ہے۔ جہاں دو معمر افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ ایک شخص زخمی شیشے لگنے کے باعث زخمی ہوا، جبکہ دوسرے کو دھوئیں کے باعث سانس لینے میں دشواری پیش آئی۔
اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے جنوبی، وسطی اور شمالی علاقوں میں مسلسل میزائل حملے جاری رہے۔ شمالی سرحد کے قریب لبنان سے حزب اللہ کی جانب سے بھی راکٹ حملے کیے جانے کی خبریں سامنے آئیں۔
حالیہ گھنٹوں میں سب سے اہم واقعہ جنوبی شہر ایلات میں پیش آیا، جہاں کلسٹر قسم کا میزائل شہر میں آ کر گرا، جس کے باعث مختلف مقامات پر دھماکے ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق کم از کم دس مقامات پر نقصان کی رپورٹ سامنے آئی جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں بارہ سالہ ایک بچہ بھی شامل ہے، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








