اتوار، 15-مارچ،2026
اتوار 1447/09/26هـ (15-03-2026م)

ایران جنگ کو مذہبی رنگ دینے کا الزام، امریکی وزیر دفاع پر شدید تنقید

15 مارچ, 2026 10:19

امریکہ کے وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کے حالیہ بیانات نے بحث چھیڑ دی ہے، جس میں کہا جا رہا ہے کہ وہ ایران کے خلاف جنگ کو مذہبی رنگ دے رہے ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے کے ساتھ ایک انٹرویو میں پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ ایران کے خلاف جنگ میں امریکہ کی کامیابی پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے کیونکہ امریکہ کی فوجی صلاحیتیں زیادہ مضبوط ہیں اور خدا کی مدد بھی ان کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی فوجی بہتر صلاحیتوں کے حامل ہیں اور انہیں خدا کی مدد حاصل ہے، جو انہیں اس مشن میں کامیاب بنائے گی۔ انہوں نے فوجیوں کو یہ بھی کہا کہ مشکل وقت میں انہیں خدا سے تعلق مضبوط رکھنا چاہیے۔

پیٹ ہیگستھ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بائبل کے ایک حصے کا حوالہ بھی دیا، جس میں جنگ کے لیے ہاتھوں کو تربیت دینے کا ذکر ہے۔ ان کے اس بیان پر سینکڑوں شکایات سامنے آئیں، جن میں کہا گیا کہ اس طرح کے مذہبی بیانات فوج کے اندر اتحاد کو متاثر کر سکتے ہیں۔

پیٹ ہیگستھ کی شخصیت بھی ان کے مذہبی نظریات کی عکاسی کرتی ہے۔ ان کے جسم پر ایسے ٹیٹو موجود ہیں، جن میں یروشلم کا صلیبی نشان اور ایک قدیم جملہ شامل ہے، جس کا مطلب ہے کہ خدا یہی چاہتا ہے۔ یہ جملہ صلیبی جنگوں کے زمانے میں استعمال کیا جاتا تھا۔

انہوں نے دو ہزار بیس میں شائع ہونے والی اپنی کتاب میں بھی لکھا تھا کہ موجودہ دور میں امریکہ کی فوجی کارروائیاں دراصل ماضی کی مذہبی جنگوں کا تسلسل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کے تابڑ توڑ حملوں سے اسرائیلی دفاعی میزائلوں کے ذخائر تیزی سے کم ہونے لگے

اپنی کتاب میں انہوں نے لکھا کہ امریکہ اور اسرائیل کو ایک مشترکہ جدوجہد کا سامنا ہے اور انہیں اسلام پسند قوتوں کے خلاف سیاسی، ثقافتی اور عسکری سطح پر مقابلہ کرنا ہوگا۔

پیٹ ہیگستھ نے اسرائیل کی حمایت کو بھی مذہبی فریضہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے اپنے تصدیقی سماعت کے دوران کہا تھا کہ وہ ایک عیسائی ہیں اور اسرائیل کی ریاست کی مضبوط حمایت کرتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق ان کا نظریہ عیسائی قوم پرستی اور امریکی استثنائیت کے امتزاج پر مبنی ہے، جس میں عالمی سیاست کو ایک مذہبی اور اخلاقی جنگ کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔

امریکی فوج میں مذہبی آزادی کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم نے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کے بیانات سے غیر مذہبی فوجیوں کو الگ تھلگ محسوس ہو سکتا ہے اور یہ تاثر بھی پیدا ہو سکتا ہے کہ امریکہ مذہبی بنیادوں پر جنگ لڑ رہا ہے۔

بین الاقوامی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے نظریات عالمی سطح پر کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں کیونکہ اس سے سیاسی تنازعات کو مذہبی رنگ مل جاتا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔