پیر، 16-مارچ،2026
پیر 1447/09/27هـ (16-03-2026م)

’میڈ ان انڈیا‘ دفاعی منصوبے کا جنازہ نکل گیا، تیجس طیاروں کے مسلسل حادثات نے قلعی کھول دی

16 مارچ, 2026 09:31

بھارت کا مقامی سطح پر تیار کردہ جنگی طیارہ تیجس تکنیکی نقائص اور حادثات کے باعث مودی سرکار کے ’میڈ ان انڈیا‘ دفاعی منصوبے کے لیے ایک بڑا سوالیہ نشان بن گیا ہے۔

بھارت کے نام نہاد مقامی دفاعی پیداوار کے منصوبے ’میڈ ان انڈیا‘ کو اس وقت شدید ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا، جب مقامی طور پر تیار کردہ جنگی طیارے تیجس کے مسلسل حادثات نے اس کی ناقص کارکردگی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا۔

بی بی سی کی ایک تفصیلی رپورٹ کے مطابق سات فروری دو ہزار چھبیس کو تیجس طیارے کو پیش آنے والے تیسرے بڑے حادثے کے بعد بھارتی فضائیہ نے انتہائی خاموشی کے ساتھ اپنے تیس تیجس طیاروں کے پورے فلیٹ کو گراؤنڈ کر دیا ہے، جو کہ ایک سنگین تکنیکی خرابی کی واضح نشاندہی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تیجس پروگرام کا آغاز سن انیس سو اکیاسی میں ہوا تھا اور بیس سال بعد دو ہزار ایک میں اس کی پہلی آزمائشی پرواز ہوئی تھی، لیکن چار دہائیاں گزرنے کے باوجود بھارت اس طیارے کے لیے اپنا انجن تیار کرنے میں ناکام رہا ہے۔

اس وقت بھی تیجس کے انجن، ریڈار سسٹمز، ایویونکس اور دیگر اہم ہتھیار امریکہ اور اسرائیل سے درآمد کیے جا رہے ہیں، جس نے مودی حکومت کے مقامی خود انحصاری کے دعوؤں کی حقیقت واضح کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سفارتی دوغلہ پن بے نقاب : بھارت کی ایران اور امریکا کے ساتھ بیک وقت ڈیل کی کوشش

رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارتی فضائیہ اس وقت بدترین ساختی کمزوریوں کا شکار ہے۔ ایک طرف تیجس کی ناکامی ہے، تو دوسری طرف چھ مارچ کو روسی ساختہ ایس یو تیس ایم کے آئی جنگی طیارہ بھی جورہٹ کے قریب گر کر تباہ ہو چکا ہے۔

بھارت کے پاس اس وقت پانچویں نسل کا کوئی جنگی طیارہ موجود نہیں ہے اور روس کے ایس یو ستاون طیاروں میں دلچسپی کے باوجود اسے امریکہ کی ناراضگی کا خوف لاحق ہے۔

عسکری ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی فضائیہ کو اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے کم از کم بیالیس اسکواڈرن کی ضرورت ہے لیکن طیاروں کے مسلسل حادثات اور پرانے طیاروں کے گراؤنڈ ہونے کی وجہ سے یہ تعداد تیزی سے کم ہو رہی ہے۔

دفاعی ماہرین کے مطابق تیجس کا حادثہ محض کسی پائلٹ کی چوک نہیں ہے بلکہ یہ بھارت کے دفاعی صنعتی نظام اور طویل المدتی منصوبہ بندی کی مکمل ناکامی کی علامت ہے۔

ماہرین نے بی بی سی کو بتایا کہ بھارتی فضائیہ اپنی مطلوبہ آپریشنل صلاحیت حاصل کرنے سے ابھی کئی دہائیاں دور ہے اور موجودہ حالات مودی کے جنگی جنون اور فوجی طاقت بننے کے خوابوں کے لیے ایک بڑا دھچکا ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔