ایران نے سرخ لکیر عبور کرلی، قطر کا دو ایرانی سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم

قطر نے اپنی اہم گیس تنصیبات پر ایرانی حملوں کے بعد سخت ردعمل دیتے ہوئے انہیں سرخ لکیریں عبور کرنے کے مترادف قرار دیا ہے اور کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
قطر کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران کی جانب سے خطے کے ممالک پر کئے جانے والے حملوں نے تمام سرخ لکیریں عبور کر لی ہیں، کیونکہ ان میں شہریوں، شہری ڈھانچے اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ان غیر ضروری حملوں کے نتائج سے خطے کو بچانا ناگزیر ہے اور فوری طور پر کشیدگی کم کرنے کے اقدامات کئے جائیں تاکہ علاقائی اور عالمی امن و استحکام بحال ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کی جوابی کارروائی، سعودی عرب، قطر اور یو اے ای کی توانائی تنصیبات پر حملے
قطر کی توانائی کمپنی نے بتایا کہ راس لفان صنعتی شہر میں واقع مائع قدرتی گیس کی تنصیبات پر تازہ ایرانی میزائل حملوں کے نتیجے میں کئی مقامات پر بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی ہے۔ اس سے قبل ہونے والے حملے میں بھی پرل گیس سے مائع بنانے والی تنصیب کو شدید نقصان پہنچا تھا۔
حکام کے مطابق حالیہ حملوں کے باعث مزید وسیع نقصان ہوا ہے، تاہم ہنگامی امدادی ٹیموں کو فوری طور پر تعینات کر دیا گیا، اور خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
قطر نے ان حملوں کے بعد ایران کے فوجی اور سکیورٹی اتاشیوں سمیت دو سفارت کاروں اور ان کے عملے کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔ وزارت خارجہ کے مطابق ان افراد کو چوبیس گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنا ہوگا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر ایران کی جانب سے جارحانہ اقدامات جاری رہے تو قطر اپنی حفاظت کے لیے مزید اقدامات کرنے پر مجبور ہوگا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










