صرف ہندوؤں سے کاروبار ہوگا : مہاراشٹر میں فلم کی نمائش کے بعد حلف سے بھارت بھر میں شدید تنازع

بھارت کی ریاست مہاراشٹر میں ایک فلم کی نمائش کے بعد حاضرین سے دیگر مذاہب کے افراد سے تعلقات ختم کرنے کا حلف لینے کے واقعے نے سیاسی اور سماجی سطح پر شدید بحث کو جنم دے دیا ہے۔
مہاراشٹر کے ضلع پالگھر میں ایک مقامی تجارتی مرکز میں ایک تنظیم کی جانب سے فلم کی نمائش کے بعد حاضرین سے ایسا حلف لیا گیا، جس نے ملک بھر میں تنازع کھڑا کر دیا ہے۔
اس حلف میں لوگوں سے کہا گیا کہ وہ غیر ہندو افراد سے نہ صرف سماجی بلکہ معاشی تعلقات بھی ختم کریں اور صرف اپنے مذہب کے لوگوں سے ہی لین دین رکھیں۔
اس موقع پر بنائی گئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئیں، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حاضرین یہ عہد کر رہے ہیں کہ وہ دیگر برادریوں کے ساتھ کاروبار نہیں کریں گے، حتیٰ کہ روزمرہ کی اشیاء خریدنے اور خدمات حاصل کرنے میں بھی صرف ہندوؤں کو ترجیح دیں گے۔
اس واقعے پر بھارت کی حزب اختلاف جماعت کانگریس نے شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے آئین کی خلاف ورزی اور معاشرے میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔
پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات ملک میں نفرت کو فروغ دیتے ہیں اور مختلف برادریوں کے درمیان خلیج کو بڑھاتے ہیں۔
کانگریس کے رہنما حسین دلوائی نے مطالبہ کیا کہ پولیس کو اس معاملے کا نوٹس لینا چاہیے کیونکہ نفرت پھیلانا ایک سنگین جرم ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بھارت عالمی سائبر فراڈ مافیا کا سب سے بڑا مرکز بن گیا، میٹا کی رپورٹ نے بھارتی دعوؤں کی پول کھول دی
ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات نہ صرف آئینی اصولوں کے خلاف ہیں بلکہ ملک کے سماجی تانے بانے کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔
دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ملک کی جمہوری اور سیکولر اقدار کے منافی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات سے معاشرے میں عدم برداشت اور تفریق کو فروغ ملتا ہے۔
دوسری جانب اس پروگرام کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد ہندو برادری میں شعور اجاگر کرنا اور مذہب کی تبدیلی جیسے مسائل پر توجہ دلانا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ ان پر لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں اور انہوں نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا۔
پولیس حکام کے مطابق اس واقعے کے حوالے سے اب تک کوئی باضابطہ شکایت موصول نہیں ہوئی، تاہم اگر کوئی شکایت درج کرائی گئی تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











