اتوار، 22-مارچ،2026
اتوار 1447/10/03هـ (22-03-2026م)

جی سیون کی خلیجی ممالک میں ایرانی حملوں کی مذمت

22 مارچ, 2026 11:51

دنیا کی سات بڑی معیشتوں جی سیون کے وزرائے خارجہ نے ایران کے میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے خلیجی ممالک اور خطے کے دیگر اتحادیوں کے دفاع کیلئے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔

کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، برطانیہ اور امریکہ کے وزرائے خارجہ سمیت یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے نے ایک مشترکہ بیان میں ایران اور اس کے حامی گروہوں کی جانب سے کئے جانے والے حملوں کو بلاجواز قرار دیا ہے۔

جی سیون ممالک نے بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، اردن اور عراق میں شہری آبادی اور توانائی کی تنصیبات پر ہونے والے حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب کا ایرانی ملٹری اتاشی اور عملے کو ناپسندیدہ قرار دے کر ملک چھوڑنے کا حکم

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائیاں نہ صرف علاقائی امن بلکہ عالمی سلامتی کے لیے بھی بڑا خطرہ ہیں۔ عالمی طاقتوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایرانی حکومت تمام حملے فوری اور غیر مشروط طور پر بند کرے۔

بیان میں آبنائے ہرمز سمیت تمام بحری گزرگاہوں کے تحفظ اور عالمی منڈی میں تیل کی فراہمی کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔

جی سیون ممالک نے واضح کیا کہ وہ توانائی کی منڈیوں میں استحکام کے لیے عالمی توانائی ایجنسی کے فیصلوں کے مطابق ہنگامی ذخائر کے استعمال سمیت ہر ممکن اقدام کے لیے تیار ہیں۔

مزید برآں، اعلامیے میں ایران کے ایٹمی پروگرام، بیلسٹک میزائلوں کی تیاری اور خطے کو غیر مستحکم کرنے والی سرگرمیوں کو روکنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

جی سیون نے عراق اور بالخصوص کردستان کے علاقے میں سفارتی مراکز اور اتحادی افواج پر ہونے والے حملوں کی بھی شدید مذمت کی اور متاثرہ ممالک کے دفاعی حق کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔