علاقائی اڈوں اور تنصیبات کو تباہ کریں گے، ٹرمپ کی دھمکی پر ایران کا چار نکاتی جوابی پلان تیار

ایران نے امریکی صدر کی جانب سے دی گئی دھمکیوں کے جواب میں چار نکاتی جوابی حکمتِ عملی کا اعلان کر دیا ہے، جس میں توانائی کی تنصیبات اور علاقائی اڈوں کو نشانہ بنانے کا انتباہ دیا گیا ہے۔
خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈ کوارٹر کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل ابراہیم ذوالفقاری نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے انہیں عالمی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں ایران کو اڑتالیس گھنٹوں کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر نہ کھولا گیا تو امریکہ ایران کے بجلی گھروں کو نشانہ بنائے گا۔
اس کے جواب میں ایرانی ترجمان نے واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز صرف دشمن قوتوں کے لیے بند ہے، جبکہ دیگر بحری ٹریفک معمول کے مطابق جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بجلی گھروں پر حملہ ہوا تو خطے کی توانائی تنصیبات اور پانی کے پلانٹس تباہ کر دیں گے، ایران
ایران نے اعلان کیا ہے کہ اگر اس کی توانائی کی تنصیبات پر حملہ ہوا تو وہ چار بڑے اقدامات کرے گا۔ اول، آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا، جو ایرانی تنصیبات کی دوبارہ تعمیر تک بند رہے گا۔
دوم، اسرائیل کے تمام بجلی گھروں، توانائی کے ڈھانچے اور مواصلاتی نظام کو بڑے پیمانے پر نشانہ بنایا جائے گا۔ سوم، خطے میں موجود کسی بھی ایسی کمپنی کو تباہ کر دیا جائے گا، جس میں امریکی سرمایہ کاری ہوگی۔
چہارم، ان تمام ممالک کی بجلی کی تنصیبات کو جائز ہدف سمجھا جائے گا، جہاں امریکی فوجی اڈے موجود ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ایران جنگ کا آغاز نہیں کرنا چاہتا لیکن اگر اس کے مفادات کو نقصان پہنچا تو وہ مغربی ایشیاء میں امریکی معاشی مفادات کو مکمل طور پر ختم کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








