ایران کی فکری بنیادوں پر حملہ، امریکی و اسرائیلی کارروائی میں معروف پروفیسر بچوں سمیت شہید

تہران میں ہونے والے ایک وحشیانہ فضائی حملے میں ایران کی معروف جامعہ کے پروفیسر اپنے دو معصوم بچوں سمیت جاں بحق ہو گئے ہیں۔
ایران کے دارالحکومت تہران کے شمالی علاقے میں امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے کی گئی ایک مشترکہ کارروائی میں ایران کے ایک ممتاز عالمِ دین اور سائنس یونیورسٹی کے نامور پروفیسر کو ان کے دو بچوں سمیت نشانہ بنا کر شہید کر دیا گیا ہے۔
مقامی ذرائع ابلاغ اور ایران کے انگریزی زبان کے خبر رساں ادارے پریس ٹی وی نے مقتول کی شناخت سعید شمقدری کے نام سے کی ہے، جو ایران یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ انجینئرنگ میں تدریس کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : اصفہان اور خرم شہر میں ایران کی گیس تنصیبات پر حملے
رپورٹ کے مطابق اس حملے میں پروفیسر شمقدری کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں وہ، ان کا بیٹا محمد اور بیٹی ریحانہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے اس المناک واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک عظیم علمی سانحہ قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل ماضی میں بھی متعدد معروف ایرانی ماہرینِ تعلیم اور سائنسدانوں کو نشانہ بناتا رہا ہے، جن پر وہ ایرانی ہتھیاروں کی تیاری اور ترقی میں معاونت کا الزام عائد کرتا رہا ہے۔ اس حالیہ حملے نے تہران میں سکیورٹی کے حوالے سے نئے خدشات پیدا کر دیئے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











