امریکہ اپنی شکست کو کسی معاہدے کا نام نہ دے، ایرانی افواج

ایران کی مسلح افواج کا کہنا ہے کہ خطے میں امریکی اسٹریٹجک طاقت اب عبرت ناک ناکامی میں بدل چکی ہے، وہ اپنی شکست کو کسی معاہدے کا نام نہ دے۔
ایران کی مسلح افواج کے خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈ کوارٹر کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابراہیم ذوالفقاری نے ایک بیان میں امریکہ کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اس وقت محض اپنے آپ سے مذاکرات کر رہا ہے، کیونکہ ایران جیسا کوئی بھی ملک امریکہ جیسے کسی فریق کے ساتھ کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
ترجمان نے کہا کہ جس اسٹریٹجک طاقت کا امریکہ دعویٰ کرتا تھا، وہ اب عالمی سطح پر ایک بڑی ناکامی ثابت ہو چکی ہے۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکہ اس صورتحال پر قابو پا سکتا تو اب تک پا چکا ہوتا، لہٰذا وہ اپنی شکست کو کسی معاہدے کا نام دے کر چھپانے کی کوشش نہ کرے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کا بحیرہ کیسپین میں ایرانی بندرگاہ پر حملہ، روس ایران سپلائی لائن متاثر
جنرل ذوالفقاری نے مزید کہا کہ امریکی وعدوں کا دور اب ختم ہو چکا ہے اور آج دنیا واضح طور پر صحیح اور غلط کے دو محاذوں میں تقسیم ہے، جہاں ہر آزادی پسند انسان امریکی میڈیا کے پروپیگنڈے سے متاثر ہو رہا ہے۔
انہوں نے واشنگٹن کو خبردار کیا کہ خطے میں ان کی سرمایہ کاری اب قصہ پارینہ بن چکی ہے اور جب تک امریکہ یہ تسلیم نہیں کر لیتا کہ خطے کا استحکام ایرانی مسلح افواج کے طاقتور ہاتھوں میں محفوظ ہے، اسے نہ تو توانائی ملے گی اور نہ ہی اپنے اہلکاروں کی حفاظت میسر آئے گی۔
ترجمان نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ہم طاقت کے ذریعے استحکام کا اعلان کرتے ہیں اور جب تک ایرانی قوم کی مرضی شامل نہیں ہوگی، کوئی بھی صورتحال سابقہ ترتیب پر نہیں لوٹے گی۔ یہ تبدیلی تبھی ممکن ہے جب ایرانی قوم کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کا خیال امریکی ذہنوں سے مکمل طور پر مٹ جائے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












