حزب اللہ نے ایک ہی روز میں 10 اسرائیلی ٹینک تباہ کردیئے، فوجی ہیڈ کوارٹر پر بھی حملہ

لبنان کے محاذ پر حزب اللہ نے اسرائیلی فوج کو عبرتناک شکست سے دوچار کرتے ہوئے ایک ہی معرکے میں دس مرکاوا ٹینک تباہ کر دیئے، تل ابیب میں اسرائیلی فوج کے ہیڈ کوارٹر پر میزائلوں سے حملہ کیا۔
جنوبی لبنان کے محاذ پر جاری جنگ میں لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیلی فوج کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
حزب اللہ کے بیان کے مطابق طیبہ اور قنطرہ کے محور پر اسرائیلی فوج کے چھتیسویں ڈویژن کے ساتویں بریگیڈ کو ایک منظم جال میں پھنسا کر نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی فوج نے دور سے چلنے والے بلڈوزر کے ذریعے حزب اللہ کے دفاعی پوزیشنز کا جائزہ لینے کی کوشش کی، جس پر مزاحمتی جوانوں نے دانستہ طور پر فوراً حملہ نہیں کیا تاکہ دشمن کی پوری نفری کو کل زون میں لایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملے، مزید 6 افراد شہید
جیسے ہی اسرائیلی ٹینکوں کا قافلہ قنطرہ شہر کی جانب بڑھا، حزب اللہ نے گائیڈڈ میزائلوں سے حملہ کر کے چار مرکاوا ٹینکوں اور ایک بلڈوزر کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔
بیان کے مطابق جب اسرائیلی فوج کے عقبی دستے نے دھوئیں کی آڑ میں اپنی پوزیشن چھپانے کی کوشش کی تو حزب اللہ نے میزائلوں کی دوسری لہر کے ذریعے مزید چار ٹینکوں کو آگ کے گولوں میں تبدیل کر دیا۔ اس کے علاوہ آرٹلری یونٹس نے اسرائیلی کمانڈ سینٹرز اور امدادی ٹیموں کو بھی نشانہ بنایا۔
اس پوری کارروائی کے نتیجے میں مجموعی طور پر 10 مرکاوا ٹینک اور 2 بلڈوزر تباہ ہوئے، جبکہ اسرائیلی فوجیوں کو اپنی گاڑیاں چھوڑ کر پیدل بھاگنے پر مجبور ہونا پڑا۔
دوسری جانب حزب اللہ نے تل ابیب کے قلب میں واقع اسرائیلی فوج کے ہیڈ کوارٹر کریا پر بھی جدید ترین میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔
اس عمارت میں وزارت دفاع اور فوجی انٹیلی جنس کے دفاتر بھی واقع ہیں۔ حزب اللہ کا کہنا ہے کہ آپریشن کھوکھلا بھس کے تحت لبنان کا دفاع جاری رہے گا اور سرحد پر اسرائیلی فوج کی ہر پیش قدمی کو ناکام بنا دیا جائے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










