جمعرات، 26-مارچ،2026
جمعرات 1447/10/07هـ (26-03-2026م)

ایران کا امریکی بحری بیڑے ابراہم لنکن پر حملے کا دعویٰ، امریکہ کی تردید

26 مارچ, 2026 11:19

ایرانی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکہ کے مشہور زمانہ طیارہ بردار بحری بیڑے ابراہم لنکن کو میزائل حملے کا نشانہ بنا کر اسے پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا ہے، تاہم امریکی حکام ان دعوؤں کی تردید کر رہے ہیں۔

ایرانی فوج کے مطابق بحری جہازوں کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھنے والے قادر کروز میزائل سے امریکی بحری بیڑے ابراہم لنکن کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

ایرانی حکام کا مزید کہنا تھا کہ اس حملے کے نتیجے میں امریکی بحری بیڑے کو اپنی جگہ تبدیل کرنی پڑی اور وہ پیچھے ہٹنے پر مجبور ہو گیا۔ ایران کے سرکاری ٹی وی نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی طیارہ بردار جہاز دوبارہ میزائلوں کی رینج میں آیا تو اسے ایک بار پھر نشانہ بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : ایران جنگ کے معاشی اثرات، آئی ایم ایف نے ہنگامی مالیاتی پلان پر کام شروع کر دیا

ایرانی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل شاہ رام ایرانی نے اس حوالے سے بتایا کہ امریکی بیڑے کی نقل و حرکت پر چوبیس گھنٹے نظر رکھی جا رہی ہے اور جیسے ہی وہ ایرانی حدود کے قریب آتا ہے، دفاعی نظام خودکار طریقے سے فعال ہو جاتا ہے۔

دوسری جانب امریکی مرکزی کمان نے ایران کے ان دعوؤں کو مسترد کر دیا ہے۔ امریکی حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بحری بیڑہ ابراہم لنکن خطے کے سمندروں میں اپنی معمول کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

امریکی کمان کے مطابق طیارہ بردار جہاز سے ایران میں موجود فوجی اہداف کے خلاف فضائی آپریشن اب بھی جاری ہے اور جہاز کے پیچھے ہٹنے یا اسے نقصان پہنچنے کی خبریں درست نہیں ہیں۔

واشنگٹن کا کہنا ہے کہ امریکی افواج عالمی قوانین کے مطابق اپنی موجودگی برقرار رکھیں گی اور کسی بھی خطرے کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔