بھارت میں سنگین ترین گیس بحران، پیٹرول نایاب، امریکی جریدے کی مودی پر تنقید

بھارت میں مودی حکومت کی ناقص معاشی منصوبہ بندی اور خلیجی جنگ کے اثرات نے ملک کو سنگین ترین گیس بحران کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔
عالمی سطح پر معتبر امریکی جریدے بلوم برگ نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں بھارتی معیشت اور عوامی زندگی پر پڑنے والے ان ہولناک اثرات کا کچا چھٹا بیان کیا ہے۔
بلوم برگ کے مطابق خلیجی جنگ کے براہ راست اثرات بھارت کی توانائی کی ترسیل پر پڑے ہیں، جس کی وجہ سے ملک میں مائع پیٹرولیم گیس یعنی ایل پی جی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔ بحران سنگین صورتحال اختیار کرگیا ہے۔
قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے نے مزدور طبقے اور غریب شہریوں کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے اور نوبت یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ عام شہری اب گھریلو اخراجات برداشت کرنے کی سکت بھی کھو چکے ہیں۔
اس بحران نے نہ صرف گھریلو صارفین کو متاثر کیا ہے بلکہ تجارتی شعبہ بھی بری طرح لرز اٹھا ہے۔ سڑک کنارے کھانے پینے کے اسٹال لگانے والے افراد اب متبادل ایندھن کی تلاش میں بھٹک رہے ہیں یا پھر اپنا کاروبار ہمیشہ کے لیے بند کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں صورتحال سب سے زیادہ ابتر ہے، جہاں کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور ایران کے تعلقات میں دراڑ ڈالنے کی بھارتی کوششیں بے نقاب
کام نہ ہونے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث غریب مزدور طبقہ شہروں سے واپس اپنے گاؤں کی طرف ہجرت کرنے پر مجبور ہو رہا ہے، جو کہ ایک بڑے انسانی اور معاشی المیے کی نشاندہی ہے۔
بلوم برگ کی رپورٹ مزید بتاتی ہے کہ بھارت میں مینوفیکچرنگ اور دیگر اہم صنعتی شعبے بھی اس لہر سے محفوظ نہیں رہے۔ اہم صنعتوں کو خام مال کی قلت اور ایندھن کی بڑھتی ہوئی لاگت کا سامنا ہے، جس سے ملک کی مجموعی معاشی ترقی کا پہیہ الٹا گھومنے لگا ہے۔
معاشی ماہرین کا اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا ہے کہ موجودہ بحران کی اصل وجہ مودی حکومت کی وہ مجرمانہ غفلت ہے، جس کے تحت کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایندھن کا مناسب اسٹاک جمع نہیں کیا گیا تھا۔
مودی سرکار نے ہنگامی حالات کیلئے کوئی ٹھوس منصوبہ بندی نہیں کی تھی، جس کا خمیازہ آج بھارت کے معصوم اور عام شہریوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












