لبنان میں حزب اللہ کی سخت کارروائی، متعدد اسرائیلی ٹینک تباہ، چار مزید فوجی ہلاک

لبنان کی اسلامی مزاحمت نے جنوبی لبنان کے مختلف محاذوں پر صیہونی فوج کے حملوں کو ناکام بناتے ہوئے متعدد ٹینک تباہ کر دیے ہیں، جبکہ ایران اور حزب اللہ نے مشترکہ کارروائی میں حیفہ اور نیتانیا سمیت کئی اسرائیلی شہروں کو نشانہ بنایا ہے۔
لبنان میں اسلامی مزاحمت حزب اللہ نے جنوبی قصبے عیناتا اور گردونواح میں پیش قدمی کرنے والی اسرائیلی قابض افواج کے خلاف شدید مزاحمت کرتے ہوئے انہیں بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔
مزاحمتی جنگجوؤں نے گائیڈڈ میزائلوں، راکٹوں اور دھماکا خیز مواد کا استعمال کرتے ہوئے متعدد مرکاوا ٹینکوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کئی ٹینک مکمل طور پر تباہ اور جل کر خاکستر ہو گئے۔
اسرائیلی میڈیا نے بھی اعتراف کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں ان کے فوجی مسلسل حزب اللہ کے نشانے پر ہیں، جہاں حزب اللہ جدید ٹینک شکن میزائلوں اور ڈرونز کا ماہرانہ استعمال کر رہی ہے۔
محاذ جنگ پر جاری لڑائی کے علاوہ حزب اللہ اور ایران نے مقبوضہ فلسطین کے اندرونی علاقوں میں بھی بڑے پیمانے پر راکٹ حملے کئے ہیں۔
حیفہ اور اس کے گردونواح میں تیل صاف کرنے والے کارخانوں اور اہم تنصیبات پر براہ راست ہٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
اسرائیلی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دو سو بتیس سے زائد زخمی اسرائیلیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔
یہ بھی پڑھیں : نیتن یاہو کا جنوبی لبنان میں سیکیورٹی زون کے بہانے قبضہ بڑھانے کا حکم
ایرانی مسلح افواج نے بھی تصدیق کی ہے کہ انہوں نے اسرائیل کی جانب راکٹوں کی ایک سیریز فائر کی ہے، جو ایران اور خطے پر جاری امریکی و اسرائیلی جارحیت کا بھرپور جواب ہے۔
ان حملوں کے بعد نیتانیا، گلیل اور طبریہ سمیت کئی شہروں میں سائرن بجتے رہے اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
حزب اللہ نے واضح کیا ہے کہ یہ کارروائیاں لبنانی شہریوں پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں کی جا رہی ہیں اور جب تک جارحیت بند نہیں ہوتی، یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
دوسری طرف صیہونی فوج کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ لڑائی کے دوران مزید چار اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں اکیس سالہ دو فوجی اور ایک بائیس سالہ فوجی شامل ہے، جبکہ چوتھے فوجی کی تفصیلات ابھی جاری نہیں کی گئیں کیونکہ اس کے لواحقین کو اب تک اطلاع نہیں دی گئی۔
اسرائیلی عسکری ذرائع کے مطابق یہ ہلاکتیں اس وقت ہوئیں، جب اسرائیلی فوج نے دریائے لیطانی کے جنوبی علاقوں میں اپنی جارحیت کو مزید وسعت دینے کی کوشش کی۔
دو مارچ سے اب تک جنوبی لبنان میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد دس ہو چکی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔
حزب اللہ کی جانب سے گھات لگا کر کئے جانے والے حملوں اور جدید بارودی سرنگوں نے اسرائیلی فوج کی پیش قدمی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں اعتراف کیا ہے کہ انہیں جنوبی لبنان کے دشوار گزار علاقوں میں سخت مزاحمت کا سامنا ہے، جہاں ہر قدم پر جانی نقصان کا خدشہ برقرار رہتا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










