منگل، 31-مارچ،2026
منگل 1447/10/12هـ (31-03-2026م)

اسرائیلی پارلیمنٹ میں فلسطینی قیدیوں کیلئے سزائے موت کا قانون منظور، عالمی سطح پر مذمت

31 مارچ, 2026 10:22

اسرائیلی پارلیمنٹ کی جانب سے فلسطینی قیدیوں کو سزائے موت دینے کے نئے قانون کی منظوری پر فلسطینی قیادت، انسانی حقوق کی تنظیموں اور جامعہ الازہر نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

اسرائیلی کنیسٹ (پارلیمنٹ) نے ایک انتہائی متنازع قانون منظور کیا ہے، جس کے تحت اب فلسطینی قیدیوں کو پھانسی کی سزا دی جا سکے گی۔

اس قانون میں ججوں کو وسیع اختیارات دیئے گئے ہیں کہ وہ استغاثہ کی درخواست کے بغیر بھی سزائے موت سنا سکتے ہیں، اور اس کے لیے ججوں کے متفقہ فیصلے کی ضرورت بھی ختم کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : غزہ میں جنگ بندی سے فسلطین کیلئے دو ریاستی حل راستہ نکلنا چاہیے : سعودی وزیر خارجہ

یہ قانون مقبوضہ مغربی کنارے کی فوجی عدالتوں تک بھی پھیلا دیا گیا ہے، جہاں اب سادہ اکثریت سے فلسطینیوں کو موت کے گھاٹ اتارنے کا فیصلہ کیا جا سکے گا۔

حماس نے اس قانون کو خون آلود قانون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صیہونی ریاست کی مجرمانہ ذہنیت کا عکاس ہے۔ حماس نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور ریڈ کراس سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ اس فاشسٹ پالیسی کا جواب اسی شدت سے دیا جائے گا۔

دوسری جانب فلسطینی قیدیوں کے کلب نے بتایا ہے کہ اس وقت ساڑھے نو ہزار سے زائد فلسطینی اسرائیلی جیلوں میں بدترین حالات، تشدد اور طبی غفلت کا شکار ہیں، جن کی زندگیوں کو اب اس نئے قانون سے شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

عالم اسلام کی ممتاز درسگاہ جامعہ الازہر نے بھی اس قانون کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے مجرمانہ کارروائیوں کو قانونی لبادہ پہنانے کی ناکام کوشش قرار دیا ہے۔

الازہر کا کہنا ہے کہ یہ قانون اسرائیل کے اخلاقی زوال کی نشانی ہے۔ اسلامی جہاد، فتح اور دیگر فلسطینی دھڑوں نے بھی اسے سیاسی انتقام کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ہاتھ روکیں، ورنہ خطے میں تشدد کی ایک نئی اور خوفناک لہر جنم لے سکتی ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔