ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کے امکانات ختم ہوگئے، اسرائیل کا دعویٰ

اسرائیل نے ایران اور امریکہ کے درمیان کسی بھی ممکنہ معاہدے کی امیدوں کو مسترد کرتے ہوئے جنگ کی شدت میں اضافے کا عندیہ دے دیا ہے، جبکہ امریکی بحریہ کی مشقوں نے خطے میں زمینی مداخلت کے خدشات کو جنم دیا ہے۔
مشرقِ وسطیٰ کی ابتر ہوتی ہوئی صورتحال میں ایک نیا موڑ اس وقت آیا ہے، جب اسرائیل نے باضابطہ طور پر اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان کسی بھی قسم کے سفارتی معاہدے تک پہنچنا اب ممکن نہیں رہا۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ سفارت کاری کے دروازے بند ہونے کی صورت میں واشنگٹن اور تل ابیب نے مشترکہ طور پر ایک ایسا منصوبہ تیار کر لیا ہے، جس کے تحت جاری جنگ کی شدت میں غیر معمولی اضافہ کیا جائے گا۔
اسٹریٹجک حلقوں میں اس بیان کو ایران کے خلاف ایک بڑے عسکری آپریشن کے پیش خیمے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
اسی دوران امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے جاری کردہ معلومات نے ان خدشات کو مزید تقویت دی ہے کہ خطے میں زمینی مداخلت کا آپشن میز پر موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں : برطانیہ خود ہمت کر کے آبنائے ہرمز جائے، امریکہ مدد نہیں کرے گا، ٹرمپ اتحادیوں سے ناراض
امریکی سینٹرل کمانڈ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پیغام میں بتایا ہے کہ امریکی بحری جہاز یو ایس ایس تریپولی پر ساڑھے تین ہزار ملاح اور میرینز مسلسل جنگی مشقوں میں مصروف ہیں۔
بیان کے مطابق ان مشقوں کا مقصد امریکی فوجیوں کی جنگی مہارتوں کو اعلیٰ ترین سطح پر برقرار رکھنا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔
سینٹرل کمانڈ نے تریپولی جہاز پر موجود ان فوجیوں کی مختلف تصاویر بھی جاری کی ہیں، جن میں انہیں جدید ترین ہتھیاروں اور آلات کے ساتھ مشقیں کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
دفاعی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں میرینز کی موجودگی اور ان کی روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں اس بات کی غماز ہیں کہ امریکہ صرف فضائی یا بحری حملوں تک محدود نہیں رہنا چاہتا بلکہ ضرورت پڑنے پر زمینی دستوں کو بھی میدان میں اتارنے کی مکمل تیاری کر چکا ہے۔
اسرائیل کی جانب سے مذاکرات پر عدم اعتماد اور امریکہ کی ان عسکری سرگرمیوں نے خطے میں ایک نئی اور خوفناک جنگ کے بادل منڈلا دیے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









