ایران پر زمینی حملہ تباہ کن اور فوج کیلئے قبرستان ثابت ہوگا، امریکی ماہرین نے خبردار کردیا

امریکی فوجی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے خبردار کیا ہے کہ ایران پر زمینی حملہ ایک بڑی عسکری ناکامی اور بھاری جانی نقصان کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔
امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی اب ایک نئے اور خطرناک مرحلے میں داخل ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ واشنگٹن میں اعلیٰ سطح پر ایران پر زمینی حملے کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل ڈینیئل ڈیوس سمیت کئی ممتاز عسکری ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایران کا وسیع رقبہ اور دشوار گزار جغرافیہ کسی بھی زمینی فوج کے لیے قبرستان ثابت ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایران کی دفاعی صلاحیتوں کو کم تر سمجھنا ایک بڑی اسٹرٹیجک غلطی تھی۔ رپورٹس کے مطابق پینٹاگون نے پہلے ہی ایران کے قریبی علاقوں میں میرینز اور پیرا شوٹ دستوں کی تعیناتی شروع کر دی ہے، جن کا مقصد ایران کی جوہری تنصیبات اور توانائی کے مراکز کو نشانہ بنانا ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ سے زمینی جنگ میں ایران کا پلہ بھاری رہے گا، دفاعی ماہرین
دوسری جانب امریکی عوام اس ممکنہ جنگ کے خلاف دکھائی دیتے ہیں۔ حالیہ سروے کے مطابق باسٹھ فیصد امریکی ایران پر کسی بھی قسم کے زمینی حملے کے مخالف ہیں اور چاہتے ہیں کہ یہ جنگ جلد ختم ہو۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ہفتوں کی مسلسل بمباری کے باوجود امریکہ ایران کو اپنی شرائط ماننے پر مجبور نہیں کر سکا اور نہ ہی آبنائے ہرمز پر ایرانی کنٹرول ختم کیا جا سکا ہے۔
تہران نے بھی کسی بھی قسم کے مذاکرات کی تردید کرتے ہوئے اپنی مزاحمت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر امریکہ نے زمینی کارروائی کی غلطی کی تو یہ ایک طویل اور مہنگی جنگ میں بدل جائے گی، جس کا خاتمہ امریکہ کے بس میں نہیں رہے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









