آبنائے ہرمز کی بحالی کیلئے فوجی طاقت کے استعمال کی تجویز، سلامتی کونسل میں آج ووٹنگ ہوگی

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں آج بحرین کی جانب سے پیش کردہ ایک قرارداد پر ووٹنگ متوقع ہے، جس کا مقصد آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری دفاعی اقدامات کی اجازت حاصل کرنا ہے۔
عالمی توانائی اور تجارت کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل آبنائے ہرمز کی صورتحال پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک اہم قرارداد پیش کی جا رہی ہے۔
بحرین کی جانب سے تیار کردہ اس مسودے میں تجویز دی گئی ہے کہ رکن ممالک کو آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری دفاعی ذرائع استعمال کرنے کا قانونی اختیار دیا جائے۔
یہ قرارداد اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے باب ہفتم کے تحت پیش کی گئی ہے، جو عالمی امن و سلامتی کی بحالی کے لیے فوجی کارروائی کا راستہ فراہم کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : برطانیہ خود ہمت کر کے آبنائے ہرمز جائے، امریکہ مدد نہیں کرے گا، ٹرمپ اتحادیوں سے ناراض
ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے اس حوالے سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے، جس کے بعد یہ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ روس اس قرارداد کو ویٹو نہیں کرے گا۔ اسی طرح چین سے بھی رابطوں کی اطلاعات ہیں تاکہ وہ بھی اس کی مخالفت سے باز رہے۔
اس قرارداد کی ضرورت اس لیے محسوس کی گئی کیونکہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری حالیہ تنازع کے باعث آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کی آمد و رفت شدید متاثر ہوئی ہے، جس کے اثرات عالمی توانائی مارکیٹ پر پڑ رہے ہیں۔
قرارداد کے مسودے میں ایران کی کارروائیوں کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کسی بھی جہاز یا طیارے کو اس اہم آبی گزرگاہ سے گزرنے سے نہیں روکا جا سکتا۔
اگر یہ قرارداد منظور ہو جاتی ہے تو مختلف ممالک کے بحری بیڑے اس خطے میں قانونی طور پر دفاعی آپریشنز کر سکیں گے، جو ایران کے لیے ایک بڑا چیلنج ثابت ہو سکتا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









