امریکہ اور اسرائیل کیلئے بڑا سرپرائز تیار ہے، ایرانی سیکورٹی حکام کا انتباہ

ایرانی حکام نے خبردار کیا ہے کہ بہت جلد امریکہ اور اسرائیل کو ایک بڑے سرپرائز کا سامنا کرنا پڑے گا، جو خطے میں طاقت کا توازن بدل دے گا۔
ایران کے ایک اعلیٰ سطح کے سیاسی و سیکورٹی عہدیدار نے المیادین کو دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں واشنگٹن کی موجودہ پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے متحرک اہداف کو نشانہ بنانے کے دعوے محض الجھن اور بوکھلاہٹ کا عکاس ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ فوجی اصطلاحات میں متحرک اہداف جیسے الفاظ کی کوئی حقیقت نہیں ہے اور یہ صرف خالی نعرے بازی ہے۔
ایرانی عہدیدار کا کہنا تھا کہ اب یہ حقیقت دنیا پر واضح ہو چکی ہے کہ امریکی فوجی اور انٹیلی جنس اداروں کے پاس اہداف کی کوئی درست فہرست موجود نہیں ہے، جبکہ اس کے برعکس ایران اپنی درست منصوبہ بندی کے تحت منظم طریقے سے پیش قدمی کر رہا ہے۔
انہوں نے حالیہ دنوں میں متعدد امریکی طیاروں کے گرائے جانے کو واشنگٹن کی فوجی مہم کی واضح ناکامی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میدان جنگ میں شکست کھانے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ اب اپنی کمزوریوں پر پردہ ڈالنے کے لیے میڈیا اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کا استعمال کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایران میں طیارے گرنے کے بعد امریکہ کا دور سے وار کا پلان، مہنگے کروز میزائل مشرق وسطیٰ منتقل
انہوں نے مزید کہا کہ پلوں جیسی تنصیبات کو نشانہ بنانا اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکہ کے پاس کوئی حقیقی فوجی کامیابی نہیں ہے۔
اسی تناظر میں قاہرہ میں ایرانی مفادات کے تحفظ کے دفتر کے سربراہ مجتبیٰ فردوسی پور نے بھی المیادین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل ایران کے خلاف اپنی جارحیت میں کسی بھی مربوط حکمت عملی کو وضع کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ واشنگٹن اس جنگ کا معاشی اور فوجی کنٹرول کھوتا جا رہا ہے۔
فردوسی پور کے مطابق امریکہ اور تل ابیب نے اپنی ابتدائی تیزی سے جنگ جیتنے کی حکمت عملی کو ترک کر دیا ہے اور اب ان کی تمام تر توجہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور اپنے لاپتہ پائلٹوں کو تلاش کرنے پر مرکوز ہے، جو ایرانی فضائی دفاع کے ہاتھوں دو لڑاکا طیاروں کی تباہی کے بعد لاپتہ ہوئے ہیں۔
انہوں نے اس صورتحال کو اسٹریٹجک ناکامی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن ہر دو دن بعد اپنی حکمت عملی بدلنے پر مجبور ہے۔
ایرانی حکام نے عزم ظاہر کیا ہے کہ غیر متناسب جنگ میں وہ دشمن کو تھکا دینے کا ہنر جانتے ہیں اور امریکہ کی وہ خوش فہمی جس میں وہ ایک فوری اور آسان جنگ کی توقع کر رہا تھا، اب ایک ڈراؤنے خواب میں بدل چکی ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









