ہفتہ، 11-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/22هـ (10-04-2026م)

ٹرمپ کی ایران کو تباہی کی دھمکی، معاہدہ کرنے یا نتائج بھگتنے کے لیے دو دن کی مہلت

05 اپریل, 2026 08:54

امریکی صدر نے ایران کے خلاف جارحانہ تیور برقرار رکھتے ہوئے ایک نئی اور سنگین دھمکی جاری کی ہے، جس میں تہران کو کسی معاہدے پر پہنچنے یا آبنائے ہرمز کی مکمل بندش اور تباہی کا سامنا کرنے کے لیے محض دو دن کی مہلت دی گئی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ ان کے پاس کسی حتمی سمجھوتے تک پہنچنے کے لیے اب صرف اڑتالیس گھنٹے باقی رہ گئے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹرتھ سوشل پر جاری کردہ ایک مختصر مگر سخت بیان میں صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ اگر ایران نے دو روز کے اندر مطالبات تسلیم نہ کیے تو اسے آبنائے ہرمز کھولنے یا پھر سنگین نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ صدر ٹرمپ نے اپنی اس تحریر میں اس امریکی پائلٹ کا کوئی تذکرہ نہیں کیا، جو ایران کی حدود میں ایف پندرہ لڑاکا طیارہ گرنے کے بعد سے لاپتہ ہے اور جس کی تلاش کے لیے سرگرمیاں جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ کے خطاب پر امریکی سیاست دانوں کا ردعمل، ایران مہم بدترین پالیسی قرار

صدر ٹرمپ نے ان حالیہ نقصانات پر تبصرہ کرنے کے بجائے اپنی تمام تر توجہ 26 مارچ کو دی گئی اس دس روزہ ڈیڈ لائن پر مرکوز رکھی ہے، جو پیر کے روز ختم ہو رہی ہے۔

صدر ٹرمپ کا مطالبہ ہے کہ ایران آبنائے ہرمز کو بین الاقوامی آمد و رفت کے لیے مکمل طور پر کھول دے ورنہ ایران کے توانائی کے مراکز کو نیست و نابود کر دیا جائے گا۔

صدر نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ یاد رہے میں نے ایران کو دس دن دیئے تھے، اب وقت ختم ہو رہا ہے اور محض اڑتالیس گھنٹے بعد ان پر جہنم مسلط کر دی جائے گی۔

اس تندوتیز بیان کے چند گھنٹوں بعد ایرانی فوجی کمان نے سخت ردعمل دیتے ہوئے صدر ٹرمپ کی دھمکیوں کو ایک بے بس، بوکھلائے ہوئے اور غیر متوازن شخص کی بیوقوفانہ حرکت قرار دیا ہے۔

ایرانی ہیڈ کوارٹرز خاتم الانبیاء سے جاری کردہ بیان میں جنرل علی عبداللہی علی آبادی نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے پیغام کا سادہ سا مطلب یہ ہے کہ اب جہنم کے دروازے خود امریکہ کے لیے کھلنے والے ہیں۔

ایرانی حکام نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور امریکی دھمکیاں ان کے دفاعی عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔