جمعہ، 10-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/22هـ (10-04-2026م)

ایران نے امریکی فوج کا ایک سی-130 طیارہ گرا دیا، لاپتہ پائلٹ کو بازیاب کرانے کا دعویٰ مسترد

05 اپریل, 2026 11:51

ایرانی حکام نے لاپتہ پائلٹ کو بحفاظت نکالنے کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج کا ایک سی-130 ٹرانسپورٹ طیارہ اور دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹر تباہ کر دیئے گئے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) اور ‘فراجا’ (پولیس کمانڈو یونٹ) کی جانب سے جاری کردہ بیانات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی فوج کو اصفہان کے جنوبی ریگستانوں میں ایک بار پھر عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

فراجا انفارمیشن سینٹر کے مطابق، پولیس کے خصوصی دستوں نے وطنِ عزیز کی مقدس سرزمین پر جارحیت کرنے والے ایک امریکی سی-130 معاون طیارے کو اپنی فائرنگ سے تباہ کر دیا ہے۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ طیارہ حملہ آور امریکی طیاروں کو ایندھن فراہم کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اسے اصفہان کے جنوبی علاقے میں نشانہ بنایا گیا۔

پاسدارانِ انقلاب کے تعلقاتِ عامہ نے اس واقعے کو 1980 کے آپریشن طبس سے تشبیہ دیتے ہوئے صدر ٹرمپ کو جواری قرار دیا اور کہا کہ طبس کے ریگستانوں کا خدا آج بھی وہیں موجود ہے، جس نے ایک بار پھر امریکہ کو ذلت آمیز شکست سے دوچار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی صدر کا لاپتہ پائلٹ کو ایران سے باحفاظت نکالنے کا دعویٰ

مرکزی ہیڈ کوارٹر خاتم الانبیاء کے ترجمان نے ایک تفصیلی بیان میں واضح کیا کہ دشمن نے اپنے گرے ہوئے فائٹر پائلٹ کو بچانے کے لیے اصفہان کے مرکز تک رسائی کی ناکام کوشش کی تھی۔

اس آپریشن کو روکنے کے لیے ایرانی فضائیہ، زمینی فوج، بسیج اور فراجا کے دستوں نے مشترکہ کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دشمن کے دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹر اور ایک سی-130 فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ تباہ ہو کر آگ کے شعلوں کی نذر ہو گئے۔

ایرانی حکام کا مؤقف ہے کہ پائلٹ کو بچانے کی امریکی کوششیں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں اور صدر ٹرمپ نے اپنی اس بھاری شکست پر پردہ ڈالنے کے لیے سوشل میڈیا پر ایک خود ساختہ کامیاب آپریشن کا ڈرامہ رچایا ہے۔

واضح رہے کہ فراجا بنیادی طور پر ایک پولیس یونٹ ہے، جس کے پاس طیارہ شکن بھاری ہتھیار موجود نہیں ہیں۔ گزشتہ روز بھی اسی یونٹ کی جانب سے اے-کے-47 رائفلوں کے ذریعے امریکی ہیلی کاپٹروں کو نشانہ بنانے کی ویڈیوز سامنے آئی تھیں۔

ایرانی عسکری قیادت کا کہنا ہے کہ یہ اللہ کی غیبی مدد اور مجاہدینِ اسلام کی بروقت کارروائی کا نتیجہ ہے کہ دشمن کے جدید ترین طیارے ایرانی زمین پر راکھ کا ڈھیر بن چکے ہیں۔

تہران کا کہنا ہے کہ پائلٹ کی تلاش کا امریکی مشن اب ایک ایسی دلدل بن چکا ہے، جہاں سے نکلنا واشنگٹن کے لیے ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔