امریکہ میں گرفتار خواتین سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، شہید قاسم سلیمانی کی بیٹیوں کا سخت ردعمل

ایران کے سابق قدس فورس کمانڈر شہید قاسم سلیمانی کی بیٹیوں زینب سلیمانی اور نرگس سلیمانی نے واضح کیا ہے کہ امریکہ میں زیر حراست خواتین کا ان کے خاندان سے کوئی دور کا بھی واسطہ نہیں ہے۔
ایران کے مایہ ناز فوجی کمانڈر شہید قاسم سلیمانی کی صاحبزادی زینب سلیمانی نے امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اس کی مکمل تردید کر دی ہے۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ امریکی حکام نے جن دو خواتین کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، ان کا شہید قاسم سلیمانی کے خاندان یا ان کے کسی قریبی حلقے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : قاسم سلیمانی کی مبینہ بھتیجی کا گرین کارڈ منسوخ، ملک بدر کرنے کی تیاری
اسی حوالے سے قاسم سلیمانی کی ایک اور صاحبزادی نرگس سلیمانی نے بھی ایرانی سرکاری میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے امریکی پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا۔
انہوں نے دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ آج تک شہید قاسم سلیمانی کے خاندان یا ان کے کسی بھی قریبی رشتہ دار نے امریکہ میں رہائش اختیار نہیں کی اور نہ ہی ان کا کوئی فرد وہاں مقیم رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی دعوے سراسر بے بنیاد ہیں اور ان کا مقصد حقائق کو مسخ کرنا ہے۔
یاد رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اس کارروائی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ حمیدہ سلیمانی افشار اور ان کی صاحبزادی امریکہ میں مستقل رہائش کے لیے گرین کارڈ ہولڈر تھیں اور وہ لاس اینجلس جیسے شہر میں انتہائی پُر تعیش زندگی گزار رہی تھیں۔
مارکو روبیو کے مطابق امریکی حکومت نے ان دونوں خواتین کے گرین کارڈ فوری طور پر منسوخ کر دیے ہیں اور انہیں ملک بدر کرنے کی کارروائی شروع کی جا رہی ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









