پاکستان کی ثالثی رنگ لے آئی، صدر ٹرمپ کا ایران کے ساتھ دو ہفتوں کیلئے جنگ بندی کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کی اعلیٰ قیادت کی درخواست پر ایران کے خلاف ہونے والی فوجی کارروائی کو دو ہفتوں کے لیے معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے ایران کے خلاف جاری فوجی کشیدگی میں دو ہفتوں کے تعطل کا اعلان کیا ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ ہونے والی گفتگو اور ان کی خصوصی درخواست پر کیا گیا ہے۔ پاکستانی قیادت نے صدر ٹرمپ سے اپیل کی تھی کہ ایران پر کیے جانے والے حملوں کو روک دیا جائے۔
صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ ایران پر بمباری کی معطلی اس شرط سے مشروط ہے کہ ایران فوری طور پر آبنائے ہرمز کو مکمل اور محفوظ طریقے سے جہاز رانی کے لیے کھول دے گا۔
یہ بھی پڑھیں : امن کیلئے پاکستان کی کوششیں فیصلہ کن موڑ پر پہنچ گئیں، ایرانی سفیر
انہوں نے اسے ایک دو طرفہ جنگ بندی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے اپنے تمام فوجی مقاصد نہ صرف حاصل کر لیے ہیں بلکہ وہ ہدف سے بھی آگے نکل چکا ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ ایران کے ساتھ طویل مدتی امن اور مشرق وسطیٰ میں استحکام کے لیے کسی حتمی نتیجے پر پہنچا جائے۔
امریکی صدر نے بتایا کہ کہ ایران کی جانب سے دس نکات پر مشتمل ایک تجویز موصول ہوئی ہے، جسے امریکہ مذاکرات کے لیے ایک قابل عمل بنیاد سمجھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے تقریباً تمام متنازعہ مسائل پر دونوں ممالک کے درمیان اتفاق رائے ہو چکا ہے، تاہم دو ہفتوں کی یہ مہلت معاہدے کو حتمی شکل دینے اور اسے نافذ کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی۔
صدر ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ کے ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے اس دیرینہ مسئلے کے حل کی جانب پیش رفت کو اپنے لیے باعث اعزاز قرار دیا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









